آئرلینڈ و انگلینڈ ٹور کیلیے متوازن ٹیم منتخب ہوئی توصیف احمد

نوجوان پلیئرزکواہلیت ثابت کرنے کا بہترین موقع ہوگا، ممبر سلیکشن کمیٹی


Sports Reporter April 16, 2018
نوجوان پلیئرزکواہلیت ثابت کرنے کا بہترین موقع ہوگا، ممبر سلیکشن کمیٹی۔ فوٹو : سوشل میڈیا

ISTANBUL/ANKARA: قومی سلیکشن کمیٹی کے رکن و سابق ٹیسٹ کرکٹر توصیف احمد نے کہا ہے کہ دورۂ آئرلینڈ و انگلینڈ کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم بہت متوازن اور بہترین کھلاڑیوں پرمشتمل ہے۔

نمائندہ ایکسپریس سے گفتگو کرتے ہوئے توصیف احمد نے کہا کہ سب جانتے ہیں کہ یورپ کا دورہ کبھی بھی آسان نہیں ہوتا، چیف سلیکٹر انضمام الحق کی سربراہی میں قومی سلیکشن کمیٹی نے انگلینڈ اورآئرلینڈ کی کنڈیشنز کو مدنظر رکھ کر قومی اسکواڈ تشکیل دیا ہے، ایسی سیریزمیں بیٹنگ میں مشکلات رہی ہیں چنانچہ اس امر کو سامنے رکھتے ہوئے پاکستان ٹیم میں 4 اوپنرزکو رکھا گیا ہے جن کوضرورت پڑھنے پر اگلے نمبروں پر بھی آزمایا جاسکتا ہے۔

توصیف احمد نے بتایا کہ مڈل آرڈر بیٹنگ لائن کو تقویت دینے کے لیے نئے کھلاڑیوں کو مواقع فراہم کیے جائیں گے، نوجوان بیٹسمین سعد علی نے مسلسل بہترین کارکردگی پیش کرکے اپنی توجہ حاصل کی ہے جبکہ امام الحق نے خود ایک پر اعتماد بیٹسمین کی حیثیت سے اپنے انتخاب کو ممکن بنایا ہے، دورۂ ویسٹ انڈیز میں پاکستان ٹیم کا حصہ ہونے کے باوجود موقع نہ پاسکنے والے عثمان صلاح الدین سے ڈومیسٹک سیزن کی طرح بہترین کارکردگی کی توقع ہے۔

ایک سوال کے جواب میں توصیف احمد نے کہا کہ بحیثیت مجموعی ایک بیلنس ٹیم تشکیل دینے کی کوشش کی گئی ہے جس میں 9 بیٹسمینوں کے ساتھ 5 بولرز میں 4 پیسر رکھے گئے ہیں، محمد عامر ایک تجربہ کار اورمستند بولرکی حیثیت سے اہم ہوں گے۔

توصیف احمد نے بتایا کہ حسن علی اس وقت اپنی بہترین فارم میں ہونے کے ناطے مدمقابل بیٹسمینوں کے لیے مشکلات پیدا کرنے میں کامیاب رہیں گے، راحت علی بھی خود کو بہترین بولر ثابت کروانے میں کامیاب رہے ہیں تاہم اسپن بولنگ میں یاسر شاہ کی کمی محسوس ہوگی، متبادل لیگ اسپنر شاداب خان سے سیمنگ کنڈیشن میں اچھی امیدیں وابستہ ہیں، فہیم اشرف آل راؤنڈر اور حارث سہیل پارٹ ٹائم بولر کی حیثیت سے کار گر رہیں گے۔

قومی سلیکٹر نے کہاکہ سرفراز احمد بہترین کپتان ہونے کے ساتھ اچھے وکٹ کیپر بیٹسمین کی ذمے داری بخوبی انجام دے رہے ہیں، قوی امید ہے کہ پاکستان ان کی قیادت میں سرخرو رہے گا، انھوں نے کہاکہ قومی اسکواڈ میں جگہ نہ بناسکنے والے کھلاڑی نا امید مت ہوں، عمدہ کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھ کر وہ مستقبل میں پاکستان ٹیم کا حصہ بن سکتے ہیں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں