انصاف نہ کرنے والے فن کی دوڑ سے نکل جاتے ہیں حیا سہگل

مزید پروجیکٹس میں بھی کام کررہی ہوں ،اصل منزل بڑی اسکرین ہی ہے:اداکارہ وماڈل کی ’’ایکسپریس‘‘سے گفتگو


Showbiz Reporter April 16, 2018
منفرد کام کرنیوالے فنکاروں کوسراہا جاتا ہے ، وہی ملک کی شناخت بنتے ہیں، اداکارہ۔ فوٹو: فائل

اداکارہ وماڈل حیاء سہگل نے کہا ہے کہ بطور فنکار جو اپنے کام سے انصاف نہیں کرتے ان کی منزل کچھ ہی عرصہ بعد ختم ہوجاتی ہے اوروہ فن کی لمبی ریس سے باہرہوجاتے ہیں۔

''ایکسپریس''سے گفتگوکرتے ہوئے حیا سہگل نے کہا کہ پاکستان میں کام کرتے ہوئے میری منفرد سوچ مجھے کامیابی کی منزل پر لے کرپہنچی ہے اوراس کے بعد جب مجھے بھارت میں کام کرنے کا موقع ملا تو وہاں بھی منفرد کردار ہی میری اولین ترجیح رہے۔

اداکارہ نے کہا کہ بطورفنکارہر ایک کی یہی ذمہ داری ہوتی ہے کہ وہ اپنے کام سے انصاف کریں، جولوگ ایسا نہیں کرتے ان کی منزل کچھ ہی عرصہ بعد ختم ہوجاتی ہے اوروہ فن کی لمبی ریس سے باہرہوجاتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ میں ایک بات جانتی ہوں کہ انہی فنکاروں کے کام کوسراہا جاتا ہے جومنفرد کام کریں ، وہی فنکاراپنے ملک کی شناخت بنتے ہیں اورجو لوگ ایسا نہیں کرتے وہ راتوں رات اندھیروں میں گم ہوجاتے ہیں۔

حیا سہگل نے کہا کہ میرے نزدیک ایک طرف تو کردارکی ڈیمانڈ کوانتہائی محنت، لگن اور ایمانداری کے ساتھ پورا کرنے والا ہی ورسٹائل فنکارمانا جاتا ہے اوردوسری جانب یہی انداز اسے دوسرے فنکاروں سے منفرد بھی بناتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ میں نے '' اسٹارز ''کے پیچھے بھاگنے سے بہتر سمجھا کہ اپنی فنکارانہ صلاحیتوں کے ذریعہ اپنی خود کی پہچان بناؤں۔

اداکارہ نے مزید کہا کہ میں نے پاکستان میں ٹی وی انڈسٹری کیلیے بہت سے اہم کردارنبھائے ہیں اورمزید پروجیکٹس میں بھی کام کررہی ہوں لیکن میری اصل منزل بڑی اسکرین ہی ہے۔ بڑی اسکرین کے جادونے مجھے ہمیشہ متاثر کیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ میں ٹی وی کے ساتھ ساتھ اس وقت فلم کے شعبے میں بھی کام کر رہی ہوں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں