بھارت میں مکہ مسجد دھماکے کے تمام ہندو انتہا پسند ملزم بری

ملزمان کے خلاف پیش کئے گئے ثبوت ناکافی ہیں، بھارتی عدالت کا فیصلہ

18 مئی 2007 کو نماز جمعہ کے بعد ہونے والے دھماکے میں 9 افراد جاں بحق ہوگئے تھے فوٹو: فائل

بھارتی عدالت نے مکہ مسجد دھماکے کے تمام ہندو انتہا پسند ملزمان کو ناکافی شواہد کی بنا پر رہا کردیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق حیدرآباد کی خصوصی تحقیقاتی عدالت نے کئی برس تک چلنے والے مکہ مسجد دھماکے کیس کے تمام ملزمان کو بری کردیا ہے، عدالت نے اپنے فیصلے میں قرار دیا ہے کہ ملزمان کے خلاف شواہد ناکافی ہیں، اس لئےانہیں بری کیا جاتا ہے۔

بھارتی ریاست تلنگانہ کے دارالحکومت حیدر آباد کی تاریخی مکہ مسجد سے ملحقہ چار مینار میں 18 مئی 2007 کو اس وقت دھماکا ہوا تھا جب لوگوں کی بڑی تعداد نماز جمعہ ادا کرنے کے بعد وہاں موجود تھی، واقعے میں 9 افراد جاں بحق جب کہ 50 سے زائد زخمی ہوگئے تھے، واقعے کے بعد مسلمانوں کے احتجاج پر پولیس کی فائرنگ سے مزید 5 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔ واقعے کی ذمہ داری ہندو انتہا تنظیم آر ایس ایس سے منسلک ذیلی تنظیم ابھینو بھارت نے قبول کی تھی۔


حیدر آباد پولیس نے واقعے کو حرکت الجہاد اسلامی نامی فرضی تنظیم سے جوڑتے ہوئے 200 مسلمان نوجوانوں کو گرفتار کرلیا تھا۔ جن میں سے 21 پر باقاعدہ مقدمہ بھی چلایا گیا تاہم عدالت نے تمام ملزمان کو رہا کرتے ہوئے اس کی تحقیقات سی بی آئی کو سونپی، بعد ازاں اس کی تحقیقات بھارت کے وفاقی تحقیقاتی ادارے این آئی اے کے سپرد کی گئی۔

این آئی اے نے تحقیقات کے دوران ملنے والے شواہد اور گواہان کے بیانات کی روشنی میں ابھینو بھارت سے تعلق رکھنے والے 10 ملزمان کو مقدمے میں نامزد کیا تھا۔ نامزد ملزمان میں ایک ہندو انتہا پسند رہنما سوامی اسیم آنند بھی تھا جو 2006 میں مالیگاؤں، 2007 میں اجمیر میں خواجہ غریب نواز کے مزار اور سمجھوتہ ایکسپریس بم دھماکے کے واقعات میں بھی نامزد تھا تاہم اسے بری کردیا گیا تھا۔

سوامی اسیم آنند نے دوران تفتیش اپنے اقبال جرم میں کہا تھا کہ ہندو انتہا پسندوں نے مکہ مسجد، درگاہ اجمیر شریف اور ملک کے دیگر حصوں میں دھماکے کئے ہیں تاہم بعد میں وہ اپنے بیان سے پھر گیا اور موقف اختیار کیا اس نے این آئی اے کے دباؤ میں آکر اس طرح کا بیان دیا ہے۔

واضح رہے کہ مکہ مسجد بم دھماکے کے بعد بھارت کے سنجیدہ حلقوں نے ہندو انتہا پسندوں کی دہشت گردی پر آواز بلند کی تھی۔
Load Next Story