جیم اینڈ جیولری نمائش شروع 2017 تک برآمد 15 ارب ڈالر تک بڑھانے کا ہدف

گلگت،ہنزہ،آزاد کشمیر،چترال،خیبر پختونخوااور بلوچستان میں قیمتی اور نیم قیمتی پتھروں کے وسیع ذخائر موجود ہیں، زبیر احمد

گلگت، ہنزہ، آزاد کشمیر، چترال، خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں قیمتی اور نیم قیمتی پتھروں کے وسیع ذخائر موجود ہیں، زبیر احمد فوٹو: اے ایف پی/فائل

وفاق ایوان ہائے صنعت و تجارت(ایف پی سی سی آئی) کے صدر زبیراحمد ملک نے کہا ہے کہ پاکستان سے جیم اینڈ جیولری کی ایکسپورٹ 2017 تک 1.5 ارب ڈالر تک بڑھانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جس کے لیے انٹرنیشنل جیم اینڈجیولری شو جیسی نمائشیں اہم کردار ادا کریں گی۔

گزشتہ روز جیم اینڈ جیولری کی 3 روزہ نمائش کے افتتاح کے موقع پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گلگت، ہنزہ، آزاد کشمیر، چترال، خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں قیمتی اور نیم قیمتی پتھروں کے وسیع ذخائر موجود ہیں تاہم ٹیکنالوجی کے فقدان اور موثر مارکیٹنگ نہ ہونے کی وجہ سے ان ذخائر سے فائدہ نہیں اٹھایا جارہا اور نہ ہی پاکستان میں قیمتی اور نیم قیمتی پتھروں کے ذخائر کا درست اندازہ لگانے کے لیے کوئی سائنسی سروے کیا گیا۔


انہوں نے کہا کہ رواں سال اب تک 1.2ارب ڈالر کی جیولری ایکسپورٹ کی گئی ہے جس میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 100 فیصد اضافہ دیکھا جارہا ہے جبکہ نیم قیمتی پتھروں کی ایکسپورٹ 27 کروڑ40 لاکھ ڈالر ہے۔

زبیر احمد ملک نے نمائش کے کامیاب اور بھرپور انعقاد پر منتظمین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ایف پی سی سی آئی کی جانب سے اس شعبے کی ترقی کے لیے ہرممکن سپورٹ اور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ نمائش کا انعقاد جیول ٹائم، جیم مرچنٹس اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن اور ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے تعاون سے کیا گیا ہے جس میں 50 سے زائد اسٹالز لگائے گئے ہیں، نمائش میں قیمتی اور نیم قیمتی پتھروں سے مزین سونے چاندی کے دیدہ زیب زیورات رکھے گئے ہیں اور گلگت، بلتستان، بلوچستان سمیت ملک بھر بالخصوص کراچی، لاہور، ملتان، اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ سے جیولرزشرکت کررہے ہیں، مختلف ممالک کے سفارتکاروں نے بھی نمائش کے افتتاح میں شرکت کی۔
Load Next Story