آئی پی ایل دہلی ڈیر ڈیولز کی ناکامیوں کا سلسلہ نہ تھم سکا

سن رائزرز حیدرآباد نے لو اسکورنگ مقابلہ 3 وکٹ سے جیتا، سنگاکارا کے 28 رنز

آئی پی ایل : سن رائزرز کے ایشانت شرما ایکشن میں، دہلی ڈیر ڈیولز کیخلاف انھوں نے 2 وکٹیں لیں۔ فوٹو: بی سی سی آئی

KARACHI:
آئی پی ایل میں دہلی ڈیرڈیولز کی ناکامیوں کا سلسلہ نہ تھم سکا، پلیئرز کو مسلسل چوتھے میچ میں مرجھائے ہوئے چہرے لیے گراؤنڈ سے جانا پڑا۔

سن رائزرز حیدرآباد نے لواسکورنگ مقابلہ3 وکٹ سے جیتا، کپتان کمار سنگاکارا نے سب سے زیادہ28 رنز اسکور کیے۔ تفصیلات کے مطابق فیروز شاہ کوٹلہ گراؤنڈ دہلی میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ میزبان ٹیم کو لے ڈوبا،حیدرآباد سن رائزرز کے بولرز نے حریف ٹیم کو مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹ پر 114رنز تک محدود رکھا، کیدار جادیو 30 رنز ناٹ آؤٹ کے ساتھ ٹاپ اسکورر بنے، عرفان پٹھان نے 30 گیندوں پر 23رنز بناکر کچھ ہمت دکھائی، ڈیوڈ وارنر صفر کی خفت سے دوچار ہوئے، ایونٹ میں پہلا میچ کھیلنے والے وریندر سہواگ کی اننگز12 رنز سے آگے نہیں بڑھ پائی۔




مہیلا جے وردنے بھی پویلین لوٹنے سے قبل 12رنز ہی اپنے نام کے آگے درج کراسکے، جنوبی افریقی پیسر ڈیل اسٹین ، ایشانت شرما اور سری لنکن بولر تشارا پریرا نے2،2 وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں آسان نظر آنے والا ہدف عبور کرنا بھی سن رائزرز کیلیے دشوار ثابت ہوا، ٹیم نے4بالز قبل7 وکٹ پر حاصل کر لیا، کپتان کمار سنگاکارا نے سب سے زیادہ28 رنز اتنی ہی بالز پر 4چوکوں کی مدد سے بنائے،پارتھیو پٹیل19، وہاری17 جبکہ اشیش ریڈی اور مشرا16،16 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، مورن مورکل اور ندیم نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔
Load Next Story