چیمپئنز لیگ ٹوئنٹی 20 پاکستانی چیمپئن ٹیم کو شرکت کی دعوت مل گئی

کوالیفائنگ راؤنڈ میں اچھا کھیل ہی فیصل آباد وولفز کو 17 ستمبر سے شیڈول مین ایونٹ میں رسائی کا پروانہ دلا سکے گا

بھارت میں شیڈول ٹورنامنٹ کے لیے6 ملین ڈالر کی انعامی رقم مختص، انگلینڈ نے اپنی ٹیمیں بھیجنے سے معذرت کرلی۔ فوٹو: فائل

LONDON:
بھارت نے حالیہ سیاسی کشیدگی کے باوجود پاکستانی ڈومیسٹک ٹی ٹوئنٹی فاتح ٹیم کو چیمپئنز لیگ میں شرکت کی دعوت دیدی۔

کوالیفائنگ راؤنڈ میں اچھا کھیل ہی فیصل آباد وولفز کو17 ستمبر سے 9 اکتوبر تک شیڈول ایونٹ میں رسائی دلا سکے گا،5 برس میں تیسری بار مقابلوں کا انعقاد بھارتی سرزمین پر ہو رہا ہے، ٹورنامنٹ کیلیے 6ملین امریکی ڈالر کی انعامی رقم رکھی گئی ہے،انگلینڈ نے اپنی ٹیمیں ایونٹ میں بھیجنے سے معذرت کر لی۔ تفصیلات کے مطابق پاک بھارت اسپورٹس تعلقات میں سیاسی حالات کی وجہ سے تبدیلیاں آتی رہتی ہیں۔

گذشتہ برس کے اواخر اور رواں سال کے اوائل میں گرین شرٹس نے جب پڑوسی ملک کا دورہ کیا تو ایسا لگ رہا تھا کہ اب سب کچھ ٹھیک ہوگیا اور میدان آباد رہیں گے، مگر کچھ عرصے بعد ہی سرحدی کشیدی کا اثر باہمی تعلقات پر بھی پڑااور دونوں ممالک کے اسپورٹس روابط منقطع ہو گئے، ہاکی پلیئرز کو بھارتی لیگ میں شرکت نہ کرنے دی گئی جبکہ سیریز بھی منسوخ ہو گئی، اس کے بعد جب آئی پی ایل میں کسی پاکستانی پلیئر کو ایک بار بھی نہ بلایا گیا تو کرکٹ میں بھی دوبارہ جمود طاری ہوتا دکھائی دے رہا تھا، مگر اب چیمپئنز لیگ میں مدعو کر کے بھارت نے تعلقات میں بہتری کی جانب قدم بڑھا دیا، گذشتہ روز ایونٹ کی تفصیلات کا اعلان کر دیا گیا۔




پاکستانی چیمپئن ٹیم کو آئی پی ایل کی نمبر چار ٹیم، اوٹاگو وولٹس (نیوزی لینڈ) اور ایک سری لنکن سائیڈ کیساتھ کوالیفائنگ ایونٹ میں حصہ لینا ہو گا، ہر سائیڈ ایک دوسرے کے مقابل ہو گی اور2کو مین ایونٹ میں رسائی کا موقع ملے گا، ان میں سے ایک ٹیم آئی پی ایل چیمپئن (بھارت)، ہائی ویلڈ لائنز (جنوبی افریقہ)، پرتھ اسکورچرز (آسٹریلیا) اور آئی پی ایل نمبر تین (بھارت) کے ساتھ گروپ اے میں شامل ہو گی، دوسری کوالیفائر سائیڈ کو آئی پی ایل رنرز اپ (بھارت) ٹائٹنز (جنوبی افریقہ) برسبین ہیٹ (آسٹریلیا) اور ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو (ویسٹ انڈیز) کیساتھ گروپ بی میں رکھا جائیگا۔

گذشتہ برس پاکستانی ٹیم سیالکوٹ اسٹالینز کوالیفائنگ مرحلے پر ہمت ہار گئی تھی،اس بار سپر ایٹ چیمپئن فیصل آباد وولفز کو صلاحیتوں کے اظہار کا موقع ملے گا، مصباح الحق اور سعید اجمل جیسے اچھے پلیئرز کی موجودگی میں ٹیم سے اچھے کھیل کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔

چیمپئنز لیگ کا انعقاد17ستمبر سے 6 اکتوبر تک بھارت میں ہوگا، میزبان شہروں کا فیصلہ آئی پی ایل کے بعد کیا جائیگا،اب تک 4 میں سے2 ایونٹس کا انعقاد جنوبی افریقہ میں ہوا ہے، دنیا بھر کی ڈومیسٹک ٹی ٹوئنٹی سائیڈز کے درمیان مجموعی طور پر29میچز کھیلے جائینگے، گورننگ کونسل کے مطابق6ملین امریکی ڈالر کی انعامی رقم تقسیم کی جائیگی، ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو نے 2011 اور 2012کے کوالیفائنگ ایونٹ میں حصہ لیا تھا، اس بار اسے براہ راست مین راؤنڈ میں شرکت کا پروانہ دیا گیا، انگلینڈ نے رواں برس کے ٹورنامنٹ میں اپنی ٹیمیں بھیجنے سے معذرت کر لی ہے۔
Load Next Story