پریزیڈنٹ کپ کرکٹ سیمی فائنل میں رسائی کیلئے پنجہ آزمائی آج ہوگی

سوئی ناردرن گیس اور نیشنل بینک کی ٹیمیں ایل سی سی اے گراؤنڈ لاہور میں آمنے سامنے، کے آر ایل اور پورٹ قاسم۔۔۔

یونائیٹڈ بینک کی ٹیم اپنے گراؤنڈ پر حبیب بینک کی میزبانی کرے گی، پی آئی اے اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی ٹیمیں نیشنل اسٹیڈیم میں نبردآزما ہوں گی۔ فوٹو : فائل

پریذیڈنٹ کپ ون ڈے کرکٹ ٹورنامنٹ میں شریک ٹیموں کے درمیان سیمی فائنل میں رسائی کیلیے پنجہ آزمائی ہفتے کو ہوگی۔

پول اے میں سوئی ناردرن گیس کمپنی اور نیشنل بینک کی ٹیمیں ایل سی سی اے گراؤنڈ لاہور میں آمنے سامنے ہوں گی، کے آر ایل اور پورٹ قاسم کا مقابلہ قذافی اسٹیڈیم میں شیڈول ہے۔ پول بی میں حبیب بینک کا سامنا یونائیٹڈ بینک سے یو بی ایل گراؤنڈ کراچی میں ہوگا، پی آئی اے اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی ٹیموں کا مقابلہ نیشنل اسٹیڈیم میں ہونا ہے۔

پول اے سے نیشنل بینک کی ٹیم اب تک تینوں مقابلوں میں فتح کی بدولت سیمی فائنل میں جگہ بنا چکی،اسے جوائن کرنے کیلیے سوئی ناردرن گیس، زیڈ ٹی بی ایل اور پورٹ قاسم اتھارٹی کے درمیان سخت مقابلہ ہے، ایس این جی پی ایل ٹیم3 مقابلوں میں 2 فتوحات کے ساتھ دوسرے، کم رن ریٹ کی حامل زیڈ ٹی بی ایل 4 میچز میں سے 2 جیت کر تیسرے نمبر پر ہے۔

پورٹ قاسم اتھارٹی 3 مقابلوں میں ایک فتح کے ہمراہ چوتھی پوزیشن پر آئی،کے آرایل نے اب تک کوئی میچ نہیں جیتا، سوئی گیس کو فائنل فور مرحلے میں رسائی کیلیے ہفتے کو بڑے مارجن کی شکست سے بچنا ہوگا، فتح کی صورت میں راستہ صاف ہوجائے گا۔ گروپ بی میں واپڈا کی ٹیم چار میچ کھیل کر3 فتوحات حاصل کرچکی، حبیب بینک اور اسٹیٹ بینک 3،3مقابلوں میں2،2 فتوحات کے ہمراہ بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں۔




یونائیٹڈ بینک نے 3 میچز میں صرف ایک فتح حاصل کی، پی آئی اے کو تینوں مقابلوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا،اس گروپ میں حبیب بینک اور اسٹیٹ بینک کیلیے سیمی فائنل میں رسائی کے برابر موقع ہیں، حبیب بینک کی ٹیم یوبی ایل کو زیر کرتے ہوئے اگلے مرحلے میں جا سکتی ہے، اسٹیٹ بینک کی ٹیم بڑے مارجن سے پی آئی اے کو ہرانے کے بعد رنز اوسط پر واپڈا کا پتہ بھی صاف کرسکتی ہے۔ دریں اثنا ٹورنامنٹ میں اب تک کھیلے گئے میچز میں پورٹ قاسم اتھارٹی کے خرم منظور3 اننگز میں331 رنز بنا کر بیٹسمینوں میں سرفہرست ہیں۔

انھوں نے2 سنچریوں اور ایک ففٹی سمیت 110.33 کی اوسط سے اسکور کیا ہے۔زرعی ترقیاتی بینک کے شرجیل خان نے 4 میچوں میں319 رنز بنائے، واپڈاکے رفعت اللہ مہمند اتنے ہی مقابلوں میں 303 رنز بنا کر تیسرے، اسی محکمے کے صہیب مقصود302 کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہیں۔ زیڈ ٹی بی ایل کے حسین طلعت 272 رنز کے ہمراہ پانچویں پوزیشن پر رہے، سوئی گیس کے اظہر علی نے 3 میچز میں 131.50 کی ایوریج سے263، حبیب بینک کے احمد شہزاد251 اور ان ہی کے ٹیم میٹ اسد شفیق228رنز بنا چکے ہیں۔

قومی وکٹ کیپر بیٹسمین اور نیشنل بینک کی نمائندگی کرنے والے کامران اکمل نے187 رنز جوڑے، سوئی گیس اور قومی ون ڈے ٹیم کے قائد مصباح الحق نے3 میچز میں71.50 کی اوسط سے143 رنز بنائے، یونس خان نے دو میچزمیں126رنز اسکور کیے، شعیب ملک اتنے ہی مقابلوں میں109 رنز بنا سکے۔

ٹوئنٹی20 قائد اور سوئی گیس کے محمد حفیظ 3 میچز میں23 کی اوسط سے صرف 69 اور حبیب بینک کے عمران فرحت اتنے ہی میچز کھیل کر60 رنزتک محدود رہے۔ بولنگ میں اسٹیٹ بینک کے حسن محمود 3 میچز میں 9 شکار کرتے ہوئے سب سے آگے ہیں، یو بی ایل کے کاشف بھٹی نے اتنے ہی میچز میں8 پلیئرز کوآؤٹ کیا، سوئی گیس کے اسد علی اور واپڈا کے ناصر ملک نے بھی 8،8 وکٹیں اپنے نام کیں، کے آر ایل کے محمد عرفان 6 کے ہمراہ پانچویں اور نیشنل بینک کے عمران خان اتنی ہی وکٹوں کے ساتھ چھٹے بہترین بولر ہیں، عبدالرحمان نے 6 پلیئرز کو آؤٹ کیا، وہاب ریاض 3 میچز میں اتنی ہی وکٹیں لے سکے، محمد حفیظ اور شاہد آفرید ی نے2،2 کھلاڑیوں کو واپسی کے پروانے تھمائے۔
Load Next Story