کراچی بچی سے زیادتی اور قتل کے ملزمان کا 7 روزہ جسمانی ریمانڈ

مجھے انصاف چاہیے، مقتولہ رابعہ کی والدہ کی دہائی


ویب ڈیسک April 18, 2018
مجھے انصاف چاہیے، مقتولہ رابعہ کی والدہ کی دہائی فوٹو:فائل

اورنگی ٹاؤن میں اغوا و زیادتی کے قتل ہونے والی بچی رابعہ کے ملزمان کو 7 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی سٹی کورٹ میں اورنگی ٹاؤن کی 6 سالہ رابعہ کے قتل کے ملزمان کو پیش کیا گیا۔ تھانہ منگھوپیر پولیس نے عدالت سے رحیم اور فضل کے ریمانڈ کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ ملزمان سے تفتیش کرکے دیگر ملوث افراد کو گرفتار کرنا ہے۔ عدالت نے ملزمان کو 25 اپریل تک پولیس کے حوالے کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر پیش رفت رپورٹ طلب کرلی۔

دوسری جانب سے بچی کے والد بقا محمد نے ایکسپریس نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں لاش دفنانے جا رہا تھا مگر علاقے والوں نے احتجاج کرنے کا کہا۔
پولیس نے جن لوگوں کو گرفتار کیا ہے ان میں میرے رشتے کے ماموں رحیم بخش شامل ہیں، میں چاہتا ہوں انہیں چھوڑ دیا جائے، پولیس دوسرے گرفتار ملزم فضل داد سے تفتیش کرے، اسی نے بچی کو چیز بھی دلائی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: بچی سے زیادتی و قتل کیخلاف احتجاج پر پولیس فائرنگ

بقا محمد نے کہا کہ میں مزید لوگوں کی بھی نشاندہی کروں گا ان سے بھی تفتیش کی جائے۔ مقتولہ کی ماں نے دہائی دیتے ہوئے کہا کہ مجھے انصاف چاہیے، دو بچیاں چیز لینے گئی تھی ایک واپس آگئی اور دوسری نہ لوٹی، میری بچی کو بے دردی سے قتل کردیا گیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں 6 سالہ بچی رابعہ کی لاش کچرا کنڈی سے ملی تھی جسے زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کردیا گیا تھا۔ واقعے کے خلاف احتجاج کرنے والے مظاہرین پر پولیس نے سیدھی فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور 2 افراد شدید زخمی ہوگئے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں