خالی ڈرم کو سیڑھی بنا کر چار ببون تحقیقی مرکز سے فرار

فرار ہونے والے چار جانوروں کو دوبارہ قابو کرلیا گیا۔


ویب ڈیسک April 18, 2018
فرار ہونے والے چار جانوروں کو دوبارہ قابو کرلیا گیا۔ فوٹو: سائنس الرٹ

امریکا میں ایک مشہور تجربہ گاہ میں جانوروں کی ذہانت کا عجیب واقعہ اس وقت پیش آیا جب لنگوروں (ببون) نے ایک خالی ڈرم کو دیوار کے سہارے لگایا اور اسے بطور سیڑھی استعمال کرتے ہوئے اس مرکز سے فرار ہوگئے۔

لنگوروں کا فرار ٹیکساس کے شہر سان اینٹونیو میں واقع بایومیڈیکل ریسرچ انسٹی ٹیوٹ (ٹی بی آر آئی) میں اس وقت پیش آیا جب ببونوں نے 200 لیٹر مائع والے ایک نیلے ڈرم کو لڑھکا کر پہلے دیوار کے ساتھ لگایا اور اس پر چڑھ کر دیوار پھلانگی اور فرار ہوگئے ۔ تاہم فرار ہونے والے چار جانوروں کو دوبارہ قابو کرلیا گیا ہے۔



اس مرکز میں 1100 سے زائد جانور رہتے ہیں اور اس ہفتے کی دوپہر ان بڑے بندروں نے دھیرے دھیرے ایک خالی ڈرم کو لڑھکایا اور اسے بلند دیوار کے ساتھ کھڑا کرکے دیوار پھلانگ کر فرار ہوگئے۔ یہ ڈرم ان جانوروں کا رویہ جانچنے کے لیے لائے گئے تھے ۔ انہیں لڑھکانے کے بعد ماہرین انعام کے طور پر ببون کو کھانا پیش کرتے تھے۔



ٹی بی آر آئی کے ترجمان نے اعتراف کیا کہ یہ بہت ہوشیار جاندار ہیں۔ انہوں نے دیوار پھاندنے کا انتخاب بھی اس مقام سے کیا جہاں سے دیوار قدرے نیچی تھی اور اندر کی جانب مڑی ہوئی تھی تاکہ کوئی اس پر چڑھ نہ سکے۔ فرار ہونے والے چار لنگوروں میں سے ایک رضاکارانہ طور پر واپس لوٹ آیا جب کہ بقیہ تین ببون سر پر پیر رکھے فرار ہوگئے۔


یہ ببون سڑک پر پہنچے تو گاڑیوں میں موجود لوگ انہیں دیکھ کر حیران رہ گئے اور کچھ خوفزدہ بھی تھے تاہم گھنٹوں کی محنت کے بعد لیبارٹری کے عملے نے ان لنگوروں کو قابو کرکے دوبارہ تجربہ گاہ پہنچادیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |