17 ویں سندھ گیمز آج کراچی میں شروع ہوں گے

افتتاحی تقریب پی ایس بی کوچنگ سینٹر پر 2 بجے ہوگی،صوبے کے3 ہزار سے زائد مرد و خواتین کھلاڑی شریک۔

افتتاحی تقریب پی ایس بی کوچنگ سینٹر پر 2 بجے ہوگی،صوبے کے3 ہزار سے زائد مرد و خواتین کھلاڑی شریک۔ فوٹو : اے پی پی

17 ویں سندھ گیمز جمعرات سے کراچی میں شروع ہورہے ہیں۔

سندھ کے وزیر کھیل اور سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر سردار محمد بخش خان مہر دوپہر ایک بجے مزار قائد سے افتتاحی تقریب کے لیے مشعل کے سفر کا آغاز کریں گے، کھیلوں کے میدان میں نمایاں کارہائے انجام دینے والے مختلف ایتھلیٹس مختلف راستوں سے ہوتے ہوئے کوچنگ سینٹر پہنچیں گے۔

اپنے دور کے عظیم ہاکی کھلاڑی اور سابق قومی کپتان اولمپئن اصلاح الدین صدیقی ممتاز ایتھلیٹ معید بلوچ کے ساتھ ٹارچ لے کر اسٹیڈیم میں داخل ہوکر اسے مہمان خصوصی گورنر سندھ کے حوالے کریں گے جو سندھ گیمز کی مشعل روشن کریں گے۔

بعدازاں گیمز کے باقاعدہ آغاز کا اعلان کیا جائے گا، گیمز میں مقابلوں کا آغاز صبح 9 بجے ہی سے ہو جائے گا، صوبائی سیکریٹری اسپورٹس نیاز علی عباسی نے میڈیا س گفتگوکرتے ہوئے بتایاکہ گیمز کی تیاریوں کو حتمی شکیل دیدی گئی ہے۔


افتتاحی تقریب میں شرکت کے لیے سندھ رینجرز کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل محمد سعید، کمشنر کراچی اعجاز خان و دیگر اکابرین شہر کو خصوصی طور پر مدعو کیا گیا ہے، گیمز میں شرکت کیلیے حیدرآباد، لاڑکانہ، سکھر، میرپورخاص اور بینظیرآباد ڈویژن سے کھلاڑیوں اور آفیشلز کے دستے بدھ کو کراچی پہنچ گئے۔

خواتین کھلاڑیوں کیلیے صدر کے ہوٹل او پی ایس بی کوچنگ سینٹر جبکہ مرد کھلاڑیوں کیلیے لیاری،کینٹ اسٹیشن کے اطراف کے ہوٹلوں اور یوتھ ہاسٹل، اسکاؤٹس ہاسٹل اور اصلاح الدین ہاکی اکیڈمی ہاسٹل ناظم آباد میں رہائش کاانتظام کیا گیا ہے۔

22 اپریل کو اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ ہوں گے، 15مختلف وینیوز میں منعقد ہونیوالے مقابلوں کی اختتامی تقاریب میں صوبائی وزرا بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کریں گے، 4 روزہ گیمز میں سندھ بھر سے3000 ہزار سے زائد مرد و خواتین کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں، ہر وینیوز پر علیحدہ سے ایک ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو اپنے اپنے وینیو پر تمام معاملات کو دیکھے گی اور کھلاڑیوں کو ہر سہولت فراہم کرے گی۔

سندھ گیمز کے ہر وینیو پر کمشنر کراچی، کراچی پولیس اور سندھ اسپورٹس بورڈ کا ایک ایک نمائندہ موجود ہوگا، ہر وینیو پر50 اسکاؤٹس پر مشتمل دستہ تعینات ہوگا، کھلاڑیوں کی سیکیورٹی کراچی پولیس کے ذمہ ہوگی، پی ایس بی کوچنگ سینٹر پر افتتاحی و اختتامی تقریب کے علاوہ ایتھلیٹکس، کوڈی کوڈی اور شوٹنگ بال کے ایونٹس منعقد کیے جائیں گے۔

این ای ڈی یونیورسٹی میں جوڈو، سافٹ بال، تائیکوانڈو، اسکواش، جوجسٹو اور باسکٹ بال کے، کے پی ٹی بینظیرشہید اسپورٹس کمپلیکس میں مینز فٹبال اور والی بال، کے ایم سی فٹبال اسٹیڈیم میں ویمنزفٹبال، مزار قائد تا اسٹیل ٹاؤن تک ہونے والی سائیکل ریس، ملاکھڑا اور ونجھ وٹی کے مقابلے میمن گوٹھ، ایس ایس بی اسپورٹس کمپلیکس ناظم آباد پر بیڈمنٹن، باڈی بلڈنگ، جمناسٹک اور ٹیبل ٹینس، ٹی ایم سی گراؤنڈ پر ٹی ٹوئنٹی کرکٹ، منی اسپورٹس کمپلیکس ناظم آباد میں نیٹ بال اور تھروبال، عبدالستار ایدھی کلب آف پاکستان پر مینز ہاکی، اولمپئن اصلاح الدین ہاکی اکیڈمی میں ویمنزہاکی، کسٹمزکلب فیڈرل بی ایریا میں چیس، سیپک ٹاکرا، ویٹ لفٹنگ، ریسلنگ اور ووشو، کراچی جیمخانہ میں ٹینس، ککری گراؤنڈ میں باکسنگ اور کراٹے، سی ویو کلفٹن پر ڈنکی کارٹ ریس ہوگی، گیمز میں1336 میڈلز کے لیے 3 ہزار مرد و خواتین کھلاڑیوں کے درمیان مقابلے ہوں گے، سندھ گیمز میں مردوں کے 30 اور خواتین کے 16 کھیلوں کے مقابلے رکھے گئے ہیں۔
Load Next Story