سربراہ شمالی کوریا سے ملاقات بے سود لگی تو اٹھ کر چلاجاؤں گا امریکی صدر

جوہری ہتھیاروں کے معاملے پر شمالی کوریا پر دباؤ برقرار رکھیں گے، ڈونلڈ ٹرمپ


ویب ڈیسک April 19, 2018
جوہری ہتھیاروں کے معاملے پر شمالی کوریا پر دباؤ برقرار رکھیں گے، ڈونلڈ ٹرمپ۔ فوٹو: فائل

SEOUL: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان سے ملاقات کے دوران اگر ایسا لگا کہ اس بات چیت کا کوئی فائدہ نہیں تو فوراً ملاقات چھوڑ کر چلا جاؤں گا۔

فلوریڈا میں جاپان کے وزیراعظم شنزو آبے سے ملاقات کے بعد ایک پریس کانفرنس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ شمالی کوریا کے جوہری ہتھیاروں کے معاملے پر شمالی کوریا پر دباؤ برقرار رکھیں گے جب کہ اگر انہیں لگا کہ شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان سے ملاقات فائدہ مند نہیں تو ملاقات نہیں کروں گا اور اگر دوران ملاقات بھی ایسا ہی محسوس ہوا تو وہاں سے فوراً اٹھ کر چلا جاؤں گا۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : کم جونگ ان سے بات چیت کے لیے تیار ہوں

ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ سی آئی اے کے سربراہ مائک پومپیو نے شمالی کوریا کا خفیہ دورہ کیا، سربراہ سی آئی اے کے کم جونگ ان سے اچھے تعلقات ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شمالی کوریا کا مستقبل روشن ہے تاہم اس کے لیے جوہری ہتھیاروں سے دستبردار ہونا پڑے گا اور جس دن ایسا ہوگا وہ شمالی کوریا کے لیے بہت اہم دن ہوگا۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : ٹرمپ نے کم جونگ ان کو موٹا بونا قرار دے دیا

واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چند ماہ قبل شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان سے ملاقات پر آمادگی ظاہر کی تھی جب کہ دونوں رہنماؤں کی ملاقات اگلے ماہ متوقع ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں