حمزہ علی عباسی کی فلم ’پرواز ہے جنون‘ کا پہلا ٹیزر جاری

ٹیزر میں شامل جاندار مکالمے اور حمزہ کی شاندار اداکاری نے دیکھنے والوں کو مسحور کردیا


ویب ڈیسک April 19, 2018
فلم کا پہلا ٹیزرجاری کردیاگیا ہے جس نے ریلیز ہوتے ہی دھوم مچادی ہےفوٹوفائل

حب الوطنی کے جذبے سے بھرپور اداکار حمزہ علی عباسی کی فلم 'پرواز ہے جنون' کا پہلا ٹیزر جاری کردیا گیا۔

پاکستان کے صف اول کے اداکار حمزہ علی عباسی کی فلم 'پرواز ہے جنون' کے ٹیزر کا انتظار شائقین شدت سے کررہے تھے، اب یہ انتظار ختم ہوا فلم کا پہلا ٹیزرجاری کردیاگیا ہے جس نے ریلیز ہوتے ہی دھوم مچادی ہے۔

پاک فضائیہ کے تعاون سے بننے والی فلم 'پرواز ہے جنون' میں حمزہ علی عباسی پاک فضائیہ کے پائلٹ کے کردار میں نہایت پرکشش نظر آرہے ہیں۔ فلم میں شامل ایکشن، پاک فضائیہ کی خوبصورت لوکیشن، کنٹرول رومز اور جنگی طیاروں نے فلم کو کسی ہالی ووڈ فلم کے برابر لاکھڑا کیا ہے۔



اس خبرکوبھی پڑھیں: حمزہ علی عباسی کی نئی فلم کا پوسٹر جاری

ہدایت کار حسیب حسن کی فلم کی کہانی مقبول ترین ڈراما سیریل 'ہمسفر' کی مصنفہ فرحت اشتیاق نے تحریر کی ہے۔ فلم کی سپورٹنگ کاسٹ میں پاکستان ایئرفورس(پی اے ایف) کے حقیقی جوان، کیڈٹس اور فائٹر پائلٹس بھی شامل ہیں جب کہ مرکزی کردار حمزہ علی عباسی ادا کررہے ہیں۔



ٹیزر میں حمزہ علی عباسی اپنے ساتھی اداکار شاز خان سے کہہ رہے ہیں 'ایک فائٹر پائلٹ کی زندگی میں اسپیڈ ہی سب سے اہم ترین چیز ہے'۔ ٹیزر میں شامل جاندار مکالمے اور حمزہ کی شاندار اداکاری نے دیکھنے والوں کو مسحور کردیا ہے۔ ٹیزر کے آخر میں حمزہ دیگر جوانوں کے ہمراہ خوشی سے بھرپور لہجے میں پاکستان زندہ باد کے نعرے لگاتے نظرآرہے ہیں جس کا مطلب ہے فلم کسی اہم مشن کے گرد گھومتی ہے جس میں کامیابی کے بعد تمام جوانوں کے چہرے خوشی سے سرشار نظر آرہے ہیں۔



حمزہ علی عباسی کے علاوہ فلم کی دیگر کاسٹ میں اداکار شمعون عباسی، ہانیہ عامر، احد رضامیر، شاز خان اور کبریٰ خان شامل ہیں فلم عید الفطر کے موقع پر اداکارہ ماہرہ خان اور شہریار منور کی فلم'سات دن محبت ان' کے ساتھ ریلیز کی جائے گی۔ اس سال عید پر پاکستان کی بڑی فلموں کے درمیان زبردست ٹاکرا ہوگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔