دورۂ برطانیہ پاکستان کو ٹاپ آرڈر کی ناکامی کا خدشہ ستانے لگا

مشکل صورتحال میں مزاحمت کیلیے ٹیل اینڈرز پر کام جاری،راحت علی نے ڈیڑھ گھنٹے تک بیٹنگ پریکٹس کی


Sports Reporter April 19, 2018
شاداب خان اور حسن علی نے بھی بیٹ سے گرد جھاڑی، نیٹ کیلیے مختص گرین ٹاپ پچ پر فخرزمان کا طویل سیشن فوٹو:ٹوئٹر

دورۂ برطانیہ میں پاکستان کو ٹاپ آرڈر کی ناکامی کا خدشہ ستانے لگا،مشکل صورتحال میں مزاحمت کیلیے ٹیل اینڈرزپر کام جاری ہے،گذشتہ روز کیمپ میں راحت علی نے ڈیڑھ گھنٹے تک بیٹنگ کی، شاداب خان اور حسن علی نے بھی بیٹ سے گرد جھاڑی۔

تفصیلات کے مطابق آئرلینڈ وانگلینڈ سے ٹیسٹ میچز کیلیے منتخب بیشتر کرکٹرز نے لاہور میں تربیتی کیمپ میں رپورٹ کردی، کاؤنٹی کرکٹ کھیلنے میں مصروف پیسر محمد عباس براہ راست انگلینڈ میں ہی دیگر کھلاڑیوں کوجوائن کریں گے، گذشتہ روز قدرے خوشگوار موسم میں ٹریننگ سے قبل ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے تمام کھلاڑیوں کو جمع کرکے مشکل انگلش کنڈیشز میں میزبان ٹیم سے نبرد آزما ہونے کے نسخے بتائے، وارم اپ اور فٹنس ڈرلز میں کھلاڑیوں نے خوب پسینہ بہایا، قطار میں کھڑے پلیئرز کو شارٹ رننگ کے بعد جمپ لگانے کی مشقت کرائی گئی، کمر میں ڈالی رسی کو کھینچتے ہوئے آگے بڑھنے کیلیے کہا گیا۔

کوچ اسٹیورکسن نے بیٹ کی مدد سے اچانک گیندیں اچھالتے ہوئے سلپ فیلڈرز کی مستعدی کا امتحان لیا، ساتھ حوصلہ بڑھانے کا سلسلہ بھی جاری رکھا، بابر اعظم، حارث سہیل اور عثمان صلاح الدین بڑی چابکدستی سے گیندوں پر قابو پانے کے بعد واپس کوچ کی جانب پھینکتے رہے،کپتان سرفراز احمد نے وکٹ کیپنگ گلوز پہن کر الگ سیشن کیا۔ نیٹ کیلیے مختص گرین ٹاپ پچ پر فخرزمان نے طویل سیشن کیا،بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور نے انھیں انگلش کنڈیشنز میں فٹ ورک کے بہتر استعمال کے گر سکھائے، جارح مزاج اوپنر کی بیٹنگ پوزیشن ابھی طے نہیں ہو پائی لیکن ٹیسٹ کے تقاضوں کو پیش نظر رکھتے ہوئے انھوں نے نیٹ میں کراس بیٹ اسٹروکس کھیلنے سے گریز کیا۔

اظہر علی،بابر اعظم اور اسد شفیق نے بھی بیٹ کی گرد جھاڑی،کوچز نے بیٹنگ لائن کو سوئنگ اور سیم کا بہتر انداز میں سامنا کرنے کیلیے غیر ضروری آگے نکلنے سے گریز کا مشورہ دیا،دلچسپ بات یہ تھی کہ کوچز نے ٹاپ اور مڈل آرڈر کے ساتھ ٹیل اینڈرز کو بھی بھرپور بیٹنگ کرائی،راحت علی ڈیڑھ گھنٹے تک پریکٹس کیلیے بلائے گئے نوجوان بولرز کا سامنا کرتے رہے، شاداب خان اور حسن علی نے بھی طویل سیشن کیا،حارث سہیل نے بیٹنگ کے بعد بولنگ میں بھی شاداب خان کے ساتھ پریکٹس جاری رکھی،پیس بیٹری نے بھی بھرپور طاقت آزمائی۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔