میشا شفیع کا معروف گلوکار علی ظفر پر جنسی ہراسانی کا الزام

علی ظفر نے ایک سے زائد مرتبہ مجھے جنسی ہراسانی کا نشانہ بنایا، میشا شفیع


ویب ڈیسک April 19, 2018
یہ سب اس وقت میرے ساتھ ہوا جب انڈسٹری میں میرا نام تھا اور میں 2 بچوں کی ماں تھی، میشا شفیع

معروف گلوکارہ میشا شفیع نے مشہور اداکار و گلوکار علی ظفر پر جنسی ہراسانی کا الزام لگایا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر گلوکارہ میشا شفیع نے مشہور گلوکار و اداکار علی ظفر پر جنسی ہراسانی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ انہیں کسی اور نے نہیں بلکہ انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے مشہور گلوکار علی ظفر نے ایک سے زائد بار جنسی طور پر ہراساں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ سب اس وقت میرے ساتھ ہوا جب انڈسٹری میں میرا نام تھا اور میں 2 بچوں کی ماں تھی۔



میشا شفیع کا کہنا تھا کہ اس واقعے سے مجھے شدید صدمہ پہنچا ہے، علی ظفر کو میں کئی سالوں سے جانتی ہوں اور ان کے ساتھ کئی بار پرفارم بھی کیا لیکن ان کے رویے اور شخصیت نے مجھے دھوکا دیا تاہم میں جانتی ہوں کہ میں اکیلی نہیں ہوں۔

گلوکارہ کا کہنا تھا کہ میں آج اس وجہ سے بول رہی ہوں کیوں کہ میرا ضمیر مجھے مزید خاموش رہنے کی اجازت نہیں دیتا، اگر یہ میرے ساتھ ہوسکتا ہے تو کسی بھی خاتون کے ساتھ ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی خاتون جنسی ہراسانی سے محفوظ نہیں، ہمارے معاشرے میں اس مسئلے پر بات کرنے سے لوگ ہچکچاتے ہیں اور اسی وجہ سے جنسی ہراسانی کو پھلنے پھولنے کا موقع ملتا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔