سندھ گیمز کرکٹ کراچی نے مسلسل 2 کامیابیاں سمیٹ لیں

میرپور خاص 180رنز سے ناکام،بینظیر آباد کو8 وکٹ سے مات، حیدر آباد نے سکھر کو 10 وکٹ سے شکست دے دی

کراچی نے گروپ ’اے‘ میں مسلسل 2 کامیابیاں سمیٹ کر سیمی فائنل کھیلنے کی راہ ہموارکرلی فوٹواےپی پی

17ویں سندھ گیمز میں شامل ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کے افتتاحی روز کراچی نے گروپ 'اے' میں مسلسل 2 کامیابیاں سمیٹ کر سیمی فائنل کھیلنے کی راہ ہموارکرلی۔

ٹی ایم سی گراؤنڈ پر صبح میں کھیلے جانے والے پہلے میچ میں کراچی نے میرپورخاص کو 180رنز کی ہزیمت سے دوچار کیا۔ کراچی نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں پر 239 کا مجموعہ ترتیب دیا۔ دانش عزیز نے 72 رنز کی اننگز میں 8چوکے اور 4چھکے لگائے۔ عثمان جاوید کے 70رنز 11چوکوں اور ایک چھکے پر مشتمل تھے۔

احمر بن ناصر نے بھی41رنز 3چھکوں اور اتنے ہی چوکوں کی مدد سے اسکور کیے۔ شعبان ملک نے 35رنز کے عوض 3اور عابد نذیر نے 52رنز پر 2کھلاڑیوں کو چلتا کیا۔ میرپور خاص کی جوابی اننگز 59 رنز پر تمام ہوگئی جب 11.5 اوورز میں پوری ٹیم نے پویلین کا رخ کیا۔ شوال 23 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔ میڈیم پیسر محمد علی خان نے 11رنز پر 5کھلاڑیوں کو نشانہ بنایا جبکہ عبدالواحد نے 13 رنز دیکر 3 وکٹیں لیں۔ ٹی ایم سی گراؤنڈ پر کھیلے گئے دوسرے میچ میں کراچی نے شہید بے نظیر آباد ڈسٹرکٹ کو 8وکٹوں کی کاری ضرب لگائی۔ ناکام سائیڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20اوورز کے اختتام پر 7وکٹوں پر 152رنز اسکور بک میں درج کرائے۔کاشف بھٹی نے 40رنز میں 7 چوکے رسید کیے۔ حارث خان نے 39رنز میں 7چوکے لگائے۔ شہزاد حیدر نے 24رنز اسکور کیے۔

عبدالواجد نے 30رنز اور دانش عزیز نے 42رنز پر 2،2وکٹیں اپنے نام کیں۔ کراچی کو ہدف کے حصول میں کسی دشواری کا سامنا نہیں کرنا پڑا اور باآسانی مطلوبہ ہدف 2وکٹوں پر حاصل کرلیا گیا جب 11اوورز میں 153رنز جوڑے گئے۔ دانش عزیز نے 71رنز جارحانہ اننگز میں 10چوکے اور 4چھکے لگائے۔ عثمان جاوید نے 7چوکوں کی بدولت 55رنز ناقابل شکست اسکور کیے۔ ذاکر ملک نے 22رنز بنائے، آر ایل سی اے گراؤنڈ پر کھیلے گئے پہلے میچ میں حیدرآباد ڈویژن نے سکھر ڈویژن کو 10وکٹوں سے ناکام کیا۔ محمد عقیل 5چوکوں اور 3چھکوں کی مدد سے 59رنز بنانے میں کامیاب رہے۔ محمد عمران نے 3چوکے لگاکر 41 ناقابل شکست رنز بنائے۔ ایاز علی 30رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔ محمد نبیل نے33رنز پر حریف ٹیم کی دونوں وکٹیں اڑائیں۔ حیدرآباد ڈویژن نے جوابی اننگز میں مطلوبہ ہدف بغیر کوئی وکٹ کھوئے حاصل کرلیا۔

فاتح ٹیم کے 173رنز 17 اوورز میں بنالیے گئے۔ نعمت اﷲ نے ایونٹ کی پہلی سنچری داغ دی۔ ان کی تھری فیگرز اننگز 108 رنز 58 گیندوں پر 9چوکے اور 6چھکوں پر مشتمل تھی، عذیر جعفری نے بھی نصف سنچری بنائی اور 52رنز میں ایک چھکا اور 4بار گیند کو باؤنڈری لائن کراس کرائی۔ اسی گراؤنڈ پر کھیلے گئے دوسرے میچ میں لاڑکانہ ڈویژن نے حیدر آباد ڈویژن کو 8وکٹ سے ہرایا۔ حیدر آباد ڈویژن نے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں ان کی اننگز 9 وکٹوں پر 124رنز پر سمٹ گئی، گلبدین 23، عابد علی اوررحیم اﷲ نے19،19رنز کی اننگز کھیلی۔ شمس الدین نے 23رنز پر 3کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا جبکہ فراز عزیز نے 25رنز کے عوض 2کھلاڑیوں کو نشانہ بنایا۔ لاڑکانہ کو مطلوبہ ہدف کے حصول کیلیے کسی دشواری کا سامنا نہیں کرنا پڑا اور 16.5اوورز میں 127رنز کا مجموعہ اسکور بورڈ پر آویزاں کرکے فتح کو گلے لگایا۔


شمس الدین نے 73رنز کی میچ وننگ اننگز میں 6چوکے اور 5بلند و بالا چھکے لگائے۔ حبیب اﷲ34رنز پر ناقابل شکست رہے۔ جمعے کو ٹی ایم سی گراؤنڈ پر 2 میچز کھیلے جائیں گے۔ میرپورخاص ڈویژن کا سامنا شہید بے نظیر آباد سے 9 بجے صبح جبکہ لاڑکانہ ڈویژن کی ٹیم سکھر ڈویژن سے ایک بجے دوپہر نبردآزما ہوگی۔

سندھ گیمز:کراچی ڈویژن کوپہلے ہی روزبرتری

17 ویں سندھ گیمز میں 16 ویں مرتبہ اپنے اعزاز کے دفاع کرنے والی کراچی ڈویژن نے پہلے ہی روزبرتری حاصل کر لی، 6 برس کے تعطل کے بعد ہونے والے گیمز کے پہلے دن ایتھلیٹکس مقابلوں میں 5 ایونٹس کا فیصلہ ہوگیا، کراچی نے 4 گولڈ،1 سلور اور 3 برانز میڈلز جیت کر اپنی سبقت قائم کرلی، حیدرآباد نے 1 گولڈ، 2 سلور اور اتنے ہی برانز میڈلز جیت لیے جبکہ سکھر اور لاڑکانہ نے1، 1 سلور میڈل پر ہاتھ صاف کرلیا، پی ایس بی کوچنگ سینٹر پر اپنی مدت مکمل کر لینے والے ٹارٹن ٹریک پر ڈائریکٹر اسپورٹس بورڈ شہزاد پرویز بھٹی کی زیر نگرانی کھیلے جانے والے ایتھلیٹکس مقابلوں میں مردوں کی 800 میٹر کی دوڑ کراچی کے محمد اکرم نے جیت لی، انھوں نے مقررہ فاصلہ 2 منٹ 09.38 سیکنڈ میں طے کرکے گولڈ میڈل حاصل کیا، حیدرآباد کے حسان نے دوئم رہ کر سلور میڈل پایا جبکہ کراچی کے امام تیسری پوزیشن کے ساتھ برانز میڈل جیتنے میں کامیاب رہے، مردوں کی 5 ہزار میٹر کی ریس کراچی کے ارباب تنولی نے جیت لی، ان کا وقت 17 منٹ 69.47 سیکنڈ رہا، سکھر کے محب اللہ دوئم اور حیدرآباد کے احمد خان سوئم رہے۔

مردوں کا شاٹ پٹ ایونٹ کراچی کے ناہید اللہ نے11.41 میٹر دور گولہ پھینک کر گولڈ میڈل جیت لیا، کارخانہ کے طاہر سومرو نے سلور اور کراچی کے شکیل احمد نے برانز میڈل جیتا، خواتین کی 8 سو میٹر کی ریس کراچی کی سحرش قیوم نے جیتی، ان کا وقت 2 منٹ 51.53 سیکنڈ رہا، کراچی ہی کی ایشا نے دوسری اور حیدرآباد کی کرن خان نے تیسری پوزیشن پائی، خواتین کا شاٹ پٹ ایونٹ حیدرآباد کی حنا رفیق راجپوت کے نام رہا، انھوں نے 8.64 میٹر دور گولہ پھینک کر گولڈ میڈل پر قبضہ کیا، ان کی بہن ثنا رفیق راجپوت دوسری پوزیشن کے ساتھ سلور میڈل جیتنے میں کامیاب رہیں جبکہ کراچی کی حنا معین نے سوئم رہ کر برانز میڈل جیت لیا، 4 روزہ گیمز کے افتتاحی دن 15 مختلف مقامات پر مختلف کھیلوں کے ابتدائی مقابلے منعقد ہوئے، واضح رہے کہ سندھ گیمز میں صوبے کے تمام 6 ڈویژن کے 3 ہزار سے زائد مرد و خواتین کھلاڑی اور آفیشلز شریک ہیں۔

درگاہ لعل شہباز قلندر جانے والے زائرین کی ویگن میں سی این جی سلنڈر لیک ہونے کے باعث آگ بھڑک اٹھی،3معصوم بچے اور ایک خاتون جھلس کر جاں بحق ہوگئے، 15 زائرین زخمی ہوئے، اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی، ضلع انتظامیہ سی این جی گاڑیوں کیخلاف متحرک ہوگئی، 100 مسافرویگنیں تحویل میں لے کر10 ڈرائیورز کو گرفتار کرلیا گیا۔ خیرپور کی تحصیل کنگری کے گوٹھ خدا بخش میتلو سے حضرت لعل شہباز قلندرؒ کے مزار پر جانے والے زائرین کی ویگن میں گائوں لعل بخش کانڈھرو کے قریب گیس سلنڈر میں لیکیج کے باعث اچانک آگ لگ گئی، جس کے نتیجے میں ویگن میں موجود نعمت خاتون، 10 سالہ ماجدہ، 4سالہ اکرم اور 5 سالہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ 16 افراد 7 سالہ مومل، 11سالہ کائنات، 8 سالہ فرحان، حوراں، اسرار، مسماۃ زرینہ، مسماۃ شبانہ، محمد عیسیٰ، تہمینہ، عزیزاں، کومل، طاہرہ، عبدالصمد و دیگر جھلس گئے، اطلاع ملتے ہی ضلع انتظامیہ نے خیرپور اور گمبٹ اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی، زخمیوں کو گمبٹ اسپتال اور خیرپور سول اسپتال منتقل کیا گیا۔
Load Next Story