سراج الحق کا بیان جھوٹ کے سوا کچھ نہیں اوروہ لیگی لہجے میں بول رہے ہیں فواد چوہدری 

جماعت اسلامی کے وزراء آستین کے سانپ ثابت ہوئے، شوکت یوسف زئی


ویب ڈیسک April 20, 2018
سراج الحق کی غلط بیانیوں نے پارٹی کا بیڑہ غرق کردیا، ترجمان پی ٹی آئی - فوٹو: فائل

ISLAMABAD: ترجمان پی ٹی آئی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ سراج الحق کا بیان جھوٹ کے سوا کچھ نہیں اور ان کی غلط بیانیوں نے پارٹی کا بیڑہ غرق کردیا جب کہ ان کے لہجے میں (ن) لیگ بول رہی ہے۔

امیر جماعت اسلامی سراج الحق کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے ترجمان پی ٹی آئی فواد چوہدری نے کہا کہ سراج الحق (ن) لیگ کے اتحادی ہیں اس لیے ان کے لہجے میں (ن) لیگ بول رہی ہے، ان کا بیان جھوٹ کے سوا کچھ نہیں جب کہ امیر جماعت اسلامی کی غلط بیانیوں نے پارٹی کا بیڑہ غرق کردیا۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کشمیر میں (ن) لیگ اور کے پی میں پی ٹی آئی کی اتحادی ہے جب کہ پنجاب میں ان کا ناظم شیر کے نشان پر جیتا۔

دوسری جانب تحریک انصاف کے صوبائی وزیر شوکت یوسف زئی نے کہا کہ سراج الحق کا بیان افسوسناک ہے، اگر کوئی خرابی تھی تو امیر اجماعت اسلامی اقتدار کے مزے لوٹنے کے بجائے بولے کیوں نہیں، اپنا ملبہ دوسروں پر ڈالنا جماعت اسلامی کی پرانی عادت ہے، پانچ سال اقتدار کے مزے لیئے ہیں تو ذمہ داری بھی قبول کریں۔

اس خبر کو بھی پڑھیں؛ چیئرمین سینیٹ منتخب کرانے کیلیے پی ٹی آئی نے کہا کہ اوپر سے آرڈر آیا ہے، سراج الحق

شوکت یوسف زئی نے کہا کہ جماعت اسلامی کے وزرا آستین کے سانپ ثابت ہوئے، پشاور کی ترقی میں بڑی رکاوٹ جماعت اسلامی کے وزیر رہے جب کہ آئندہ جماعت اسلامی کو کبھی حکومت میں شامل نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ٹی پشاور کی ترقی کا منصوبہ ہے اور ہم اس کی ذمہ داری لیتے ہیں جب کہ یہ منصوبہ ایشیائی ترقیاتی بینک کی نگرانی میں بن رہا ہے اور یہ شفاف منصوبہ ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں