
انگلش کرکٹ بورڈ نے 2020 میں 8ٹیموں پر مشتمل ایسی لیگ کرانے کے منصوبے پر سنجیدگی سے غور شروع کردیا جس میں ہر اننگز 100گیندوں پر مشتمل ہوگی،اس فارمیٹ کو نوجوانوں، خواتین، بچوں اور جنوبی ایشیائی شائقین کی توجہ حاصل کرنے کیلیے بہترین خیال کیا جارہا ہے، براڈ کاسٹرز بھی دورانیہ مختصر ہونے پر اس کو زیادہ بکنے والا مال سمجھ رہے ہیں۔
نئے فارمیٹ کا کائونٹی میں تجربہ کرنے کے بعد اس کو جون میں ای سی بی بورڈ میں پیش کردیا جائے گا،کرکٹ قوانین کو متعارف کرانے کی ذمہ دار ایم سی سی کیلیے غور طلب مسئلہ ہوگا کہ 100بالز پورے کرنے کیلیے15عام اوورز کے ساتھ ایک 10گیندوں کے اوور کو ریکارڈزکے کس کھاتے میں ڈالا جائے گا۔
ای سی بی کے چیف ایگزیکٹو ٹام ہیریسن کا کہنا ہے کہ آئی سی سی نے اس منفرد تصور پر خوشی کا اظہار کیا، ایم سی سی کے ساتھ بات چیت جاری اورامید ہے کہ آگے چل کر اس کو آفیشل فارمیٹ کا درجہ دینا چاہیں تو کسی کو اعتراض نہیں ہوگا۔
دوسری جانب اس نئے تجربے کے حوالے سے پلیئرز کرکٹ ایسوسی ایشن کو بھی اعتماد میں لینے کی کوشش ہورہی ہے، ابھی تک سامنے آنے والے سوالوں کے جواب تلاش کرنے کے بعد اس فارمیٹ کے خط وخال جلد واضح ہوجائیں گے۔
تبصرے
ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔