اویس لغاری کا وزیراعلی سندھ کو خط کے الیکٹرک کے واجبات کی ادائیگی کا مطالبہ

واٹر بورڈ سے کے الیکٹرک کو رقم دلوانے میں مراد علی شاہ اپنا کردار ادا کریں، وزیر توانائی


ویب ڈیسک April 21, 2018
کراچی واٹر بورڈ کے ذمہ کے الیکٹرک کے 32 ارب روپے ادا کیے جائیں، وفاقی وزیر توانائی فوٹو:فائل

ISLAMABAD: وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے حکومت سندھ کو خط لکھ کر کے الیکٹرک کے واجبات کی ادائیگی کروانے کا مطالبہ کیا ہے۔

کراچی میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے معاملے پر وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ کو خط لکھا ہے۔ اویس لغاری نے کہا کہ کراچی واٹر بورڈ کے ذمہ کے الیکٹرک کے 32 ارب روپے ادا کیے جائیں، کے الیکٹرک کو رقم ملی تو وہ سوئی سدرن کے ساتھ اپنا مسئلہ حل کر سکتی ہے، واٹر بورڈ سے کے الیکٹرک کو رقم دلوانے میں وزیر اعلی اپنا کردار ادا کریں۔

اویس لغاری نے کہا کہ نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کے مطابق کے الیکٹرک اپنے بند پاور پلانٹس تیل پر چلا سکتا تھا، نیپرا نے اپنی حالیہ رپورٹ میں یہ بھی کہا ہے کہ کراچی میں بجلی بحران کی وجہ 'کے الیکٹرک' کی بدانتظامی اور نااہلی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: نیپرا نے بجلی بحران کا ذمہ دار کے الیکٹرک کو قرار دے دیا

کراچی میں کے الیکٹرک کی جانب سے چودہ چودہ گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ جاری ہے جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔ نیپرا کی ٹیم نے کراچی کا دورہ کرکے لوڈ شیڈنگ کی وجوہات کی تحقیقات کیں جس کے بعد نیپرا نے اپنی رپورٹ میں بجلی کے بحران کا ذمہ دار کے الیکٹرک کو قرار دیتے ہوئے اس کے خلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔ نیپرا نے کہا کہ کے الیکٹرک نے کورنگی اور بن قاسم کے گیس پلانٹس پر متبادل فیول کا نظام موجود ہونے کے باوجود انہیں استعمال نہیں کیا جو غیر ذمہ دارانہ عمل ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں