کوہلو اور ڈیرہ بگٹی میں 5 شر پسند ہلاک 29 سہولت کار گرفتار

ڈیرہ بگٹی کے علاقے بمبور میں کارروائی ،اسلحے کی کھیپ بھی برآمد ، فراری کمانڈر بوجلا بگٹی نے 20 ساتھیوں سمیت سرنڈر


Numaindgan Express April 22, 2018
فرنٹیئر کور کی گاڑی کو تربت بازار میں نشانہ بنایا گیا، شرپسندوں کی گرفتاری کیلیے علاقے میں آپریشن شروع۔ فوٹو: فائل

کوہلو اور ڈیرہ بگٹی کے سرحدی علاقے بمبورکی پہاڑیوں پر ایف سی کی کارروائی میں 5 شرپسند ہلاک جب کہ 29 مشتبہ سہولت کاروں کو گرفتار کر کے راکٹوں، مشین گنوں، بارودی سرنگوں، بموں سمیت خطرناک اسلحہ کی بھاری کھیپ قبضے میں لے لی گئی۔

صوبائی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے سیکٹر کمانڈر بمبور رائفل بریگیڈیئر محمد قذافی کے ہمراہ میڈیا سے بات چیت کے دوران بتایا کوہلو اور ڈیرہ بگٹی کے سرحدی علاقے بمبور کی پہاڑیوں میں ایف سی نے کارروائی کرکے5شرپسندوں کو ٹھکانے لگادیا اور29مشتبہ سہولت کاروں کو گرفتارکرلیاگیا جن سے تحقیقات کی جارہی ہیں۔

اس موقع پر دہشتگردوں کے ٹھکانے سے برآمد ہونے والا اسلحہ بھی میڈیا کو دکھایاگیا جس میں درجنوں مارٹر بم، دستی بم،بارودی سرنگیں، راکٹ، مشین گنیں اور مختلف اقسام کے ہزاروں راؤنڈزکے علاوہ دھماکہ خیز مواد بھی شامل تھا۔

معروف فراری کمانڈربوجلا بگٹی نے بھی اس موقع پر20ساتھیوں سمیت وزیر داخلہ، ایف سی، حساس اداروں کے افسران ڈپٹی کمشنر ڈیرہ بگٹی جاوید نبی کھوسہ اور ڈسٹرکٹ چیئرمین میر غلام نبی بگٹی کی موجودگی میں ہتھیار ڈال کر قومی دھارے میں شمولیت کا اعلان کیا گیا،اس موقع پر پکڑا جانے والا اسلحہ بھی میڈیا کے سامنے پیش کیا جبکہ ہتھیار ڈالنے والے تمام فراریوں اور ان کے کمانڈرز نے میڈیا کو بتایا کہ وہ اب بے حد خوش ہیں کہ ان کی جان کو کوئی خظرہ نہیں ہم اب ایک عام پاکستانی بن کر ملک اور قوم کی بھرپور خدمت کریں گے۔

سیکیورٹی فورسز ذرائع کے مطابق ہفتے کو تربت بازار میں شرپسندوں نے ایف سی کی گاڑی پر اچانک فائرنگ کردی جس سے ایک اہلکار شہید اور دوسرا زخمی ہوگیا ایف سی کی گاڑی معمول کے گشت پر تھی واقعہ کے بعد شرپسندوں کی گرفتاری کیلیے آپریشن شروع کردیاگیا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں