خواجہ سعد رفیق کے حلقہ این اے125 میں ن لیگ کی حمایت میں کمی

سڑکیں بنانے سے ترقی نہیں ہوتی، عمران نے قوم کو شعور دیا ووٹ اسی کو دیں گے، شہری


ویب ڈیسک April 22, 2018
سعد رفیق نے بہت کام کیا، پروگرام ٹو ڈی پوائنٹ میں شہریوں کا اظہار خیال۔ فوٹو: فائل

وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کے حلقہ انتخاب این اے125کے شہریوں نے ایکسپریس نیوز کے پروگرام ٹو ڈی پوائنٹ میں میزبان منصور علی خان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیکس لاکھوں میں لیا جاتا ہے لیکن بارش ہونے پر دو دو فٹ پانی کھڑا ہو جاتا ہے۔

حلقہ این اے 125 کے ایک شہری نے کہا کہ حلقے میں کوئی کام نہیں ہوا پرائز بانڈ ان کے نکلتے ہیں، دھاندلی ہوتی ہم نے خود دیکھی ہے، آر او خود ٹھپے لگا رہے تھے، ایک اور شہری کا کہناتھا سعد رفیق نے بہت کام کیا ہے ، سڑکیں اس نے بنائی ہیں، لوگوں نے کہا کہ ان کے دور میں پٹرول سستا ہوا اور گیس بھی مہنگی نہیں ہوئی، کوئی بھی کھڑا ہو ووٹ شیر ووٹ کو دیں گے انہوں نے لاہور کا نقشہ بدل دیا ہے۔

ایک اور شہری نے کہا کہ سڑکیں بنانے سے ملک کی ترقی نہیں ہوتی ہم عمران خان کو ووٹ دیں گے جس نے عوام کو شعور دیا ، سڑکیں بنانے سے قوم کا قرض نہیں اترے گا ، عوام کو تعلیم اور شعورہوگا تو ملک ترقی کرے گا، ایک اور شہری نے کہا کہ سعد رفیق نے کام کروانے کی بہت کوشش کی ہے لیکن یہاں ووٹ پی ٹی آئی کا ہے کیونکہ(ن) لیگ کرپٹ ہے، ایک اور شہری نے کہا کہ خواجہ سعد رفیق نے کام کروائے ہیں، ایک بچہ سڑک پر مرا تو اس نے پول بنوادیا اور لڑکیوں کیلئے کالج بنوایا ہم تو (ن) لیگ کو ووٹ دیں گے۔

ایک شہری نے کہا کہ سارے ووٹ پی ٹی آئی کو پڑے لیکن سعد رفیق صاحب منتخب ہو گئے اس بات کی سمجھ نہیں آئی، ایک صاحب نے کہا کہ عمران خان کو کسی نے نااہل قرار نہیں دیا لیکن نوازشریف نااہل ہو گئے اسلئے ہم تو پی ٹی آئی کو ووٹ دیں گے، ایک شہری نے کہاکہ جیسے جیسے الیکشن قریب آ رہے ہیں کام ہو رہے ہیں، اس سے پہلے کوئی کام نہیں ہوا، اب پی ٹی آئی کو ووٹ دیں گے۔

منصور علی خان کے سوال کے جواب میں ایک شہری نے کہا کہ یہ کنٹونمنٹ کی حدود ہے وہ یہاں کام کرتے ہیں ایک سال ہو گیا ہے سڑک کی حالت سامنے ہے ،کبھی سعد رفیق نظر نہیں آئے ، ٹی وی پر نظر آتے ہیں، آنکھیں ترس گئیں ہیں انہیں دیکھنے کیلئے، ایک شہری نے کہا کہ (ن) لیگ والے کرپشن کرتے ہیں، ہمیں دوائیاں تک نہیں ملتیں، ماچس تک پر ٹیکس لگایا ہوا ہے، اگر انہوں نے میٹرو بنائی ہے تو لوٹ ماراور کرپشن کیلئے بنائی ہے ، بجلی نہیں آتی ہمارے گاؤں میں کھمبا تک نہیں لگا، سعد رفیق نے ریلوے کا بیڑہ غرق کر دیاہے، یہ جیل سے نہیں نکلیں گے اور شیر ختم ہو جائیگا۔

ایک شہری نے کہا کہ عمران خان بیویاں نہیں سنبھال سکتا وہ ملک کیا سنبھالے گا، ایک خاتون نے کہا کہ کام ہو رہے ہیں، سڑکیں ٹوٹ بھی جاتی ہیں اور بن بھی جاتی ہیں، پاناما سے ان کی رائے پر کوئی اثر نہیںپڑا وہ نوازشریف کو ووٹ دیں گی، ایک شہری نے کہا کہ خواجہ سعد رفیق کبھی نظر ہی نہیںآئے، کبھی بارش میں آکر دیکھئے گا یہاں گھٹنے گھٹنے پانی ہو گا اگلی مرتبہ پی ٹی آئی کو ووٹ دیں گے، (ن) کی کرپشن کی وجہ سے بد دل ہو گئے ہیں، ایک بوڑھی خاتون نے کہا کہ یہاں کوئی کام نہیں ہوا وہ ووٹ عمران خان کو دیں گی، عمران خان کو ملنے کوبڑا دل کرتاہے اوہ ساہڈا پتر ہے، سعد رفیق کو دیکھ کر ٹی وی توڑنے کو دل کرتا ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں