سندھ گیمز کراچی نے 16 ویں بار اعزاز کا دفاع کرلیا

اسامہ سلطان اور ایشا اعفان تیزترین ایتھلیٹس کے گولڈمیڈلز لے اڑے،اختتامی تقریب آج سجائی جائے گی۔


اسامہ سلطان اور ایشا اعفان تیزترین ایتھلیٹس کے گولڈمیڈلز لے اڑے،اختتامی تقریب آج سجائی جائے گی۔ فوٹو: اے پی پی

لاہور: کراچی ڈویژن نے واضح سبقت کے ساتھ 17 ویں سندھ گیمز جیت کر مسلسل16 ویں مرتبہ اعزاز کا کامیاب دفاع کرلیا۔

غیر سرکاری نتائج کے مطابق6 برس کے تعطل کے بعد ہونے والے چار روزہ گیمز میں کراچی نے شریک دیگر پانچ ڈویژنز کو پیچھے چھوڑدیا اورمردوں کے 30 اور خواتین کے17 کھیلوں میں سے بیشتر میں اپنی برتری ثابت کی،اسامہ سلطان اور ایشا اعفان سندھ کے تیز ترین مرد اور خاتون ایتھلیٹ بن گئے، دونوں نے100میٹرز کی ریس میں گولڈ میڈل حاصل کیے۔

گیمزکے تیسرے دن بھی کراچی ڈویژن نے اپنی سبقت قائم رکھی، کراچی کی ایشا اعفان نے 5 گولڈ میڈلز پر قبضہ جمایا،مسلسل 16 مرتبہ یہ گیمزجیتنے والی کراچی نے مردوں اور خواتین کے بیشتر مقابلے واضح برتری کے ساتھ جیت لیے،کراچی کی 13 سالہ ایشا اعفان سندھ گیمز کی تیز ترین خاتون ایتھلیٹ بن گئیں، انھوں نے سو میٹرز کی دوڑ 13.45سیکنڈ میں جیت کرگولڈ میڈل اپنے نام کیا، ایشا کے گولڈ میڈلزکی تعداد 5 ہوگئی،کراچی کی فاطمہ ثنا نے خواتین کی 100 میٹردوڑ میں دوسری اور لاڑکانہ کی عرفہ نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

کراچی ہی کے اسامہ سلطان نے اپ سیٹ کرکے مردوں کی سو میٹرز جیت لی، آسامہ نے مقررہ فاصلہ92۔10 سیکنڈ میں طے کرکے گولڈ میڈل جیتا، فیوریٹ کراچی کے معید بلوچ دوسرے نمبر پر رہے،کراچی ہی کے زین نے سوئم رہ کر برانز میڈل جیت لیے کراچی ڈویژن نے سندھ گیمز کی جمناسٹکس چیمپئن شپ بھی جیت لی،کراچی نے ٹیم ایونٹ سمیت سات گولڈ اور دو سلور میڈلز پر قبضہ جمالیا۔

ایس ایس بی اسپورٹس کمپلیکس،ناظم آباد پر منعقدہ جمناسٹکس مقابلوں میں بینظیر آباد نے ٹیم ایونٹ میں سلوراور لاڑکانہ نے برانز میڈل جیتا،کراچی کے ایوب فضل تین گولڈ میڈلزجیت کر بہترین جمناسٹ کا اعزاز پایا، کراچی کے عبداللہ باسط نے فلور ایونٹ میں گولڈ، میرپور کے دانش نے سلوراور حیدرآباد کے حسان نے برانز میڈل قبضے میں کیا۔

پومل پارس میں ایوب فضل نے گولڈ،کراچی ہی کے محمد وسیم نے سلور اور بے نظیر آباد کے محمد ارشد نے سلور میڈل حاصل کیا،پیرالل بار ایونٹ میں ایوب فضل نے گولڈ،کراچی ہی کے افتخار نے سلور اور بینظیر آباد کے گل منیر نے برانز میڈل پر ہاتھ صاف کیا،والٹ ایونٹ میں کراچی کے عبدالباسط نے گولڈ،میرپورخاص کے ذیشان نے سلور اور سکھر کے عبدالطیف نے برانز میڈل پر قبضہ جمایا،کراچی کے سجاد بٹ گولڈ،لاڑکانہ کے شوکت علی سلور اور حیدآباد کے اسدعلی سلور میڈل جیتنے میں کامیاب رہے۔

ہائی بار ایونٹ میں ایوب فضل نے گولڈ،میرپورخاص کے دانش نے سلور اورسکھرکے ارحم نے برانز میڈل جیت لیا،تقریب تقسیم انعامات کے مہمان خصوصی سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے سینئیر نائب صدر انجینئر سید محفوظ الحق نے انعامات تقسیم کیے،اس موقعہ پر محمد تقی،محمد اکبر اور سید محمد مرتضی ویگر بھی موجود تھے۔

کراچی ڈویژن نے سندھ گیمز میں ٹیبل ٹینس کے مینز اور ویمنز ٹیم ایونٹس بھی اپنے نام کرلیے،ایس ایس بی اسپورٹس کمپلیکس پرمنعقدہ مقابلوں میں ٹیبل ٹینس ٹیم ایونٹ کا گولڈ میڈل جیتنے والی کراچی کی ٹیم راحیل سلیم، حسین ویرانی،محمد علی اور ظفر پر مشتمل تھی، حیدرآباد نے دوسری پوزیشن کے ساتھ سلور میڈل جیتا جبکہ بے نظیر آباد نے تیسری پوزیشن پاکر برانز میڈل پایا، ویمنز ٹیم ایونٹ کا گولڈ میڈل جیتنے والی کراچی ٹیم میں حریم انور،عتیقہ خان،قرت سکینہ اورحور فوادشامل تھیں۔

حیدرآباد نے سلور اوربینظیر آباد نے برانز میڈل حاصل کیا، تقریب تقسیم انعامات کے مہمان خصوصی کے ای کے عمران خان تھے،اس موقع پرسابق قومی چیمپئن و انٹرنیشنل کوچ عارف خان اورمیجر(ر) محمود ریاض سمیت دیگربھی موجود تھے،کراچی نے جوڈو میں مردوں کے مقابلوں میں بھی میدان مار لیا،کراچی نے 7 میں سے 6گولڈ میڈلز جیت لیے جبکہ خواتین کے جوڈو مقابلوں میں کراچی نے چھ گولڈ میڈلز پر ہاتھ صاف کرلیا۔

ایتھلیٹکس ایونٹ میں کراچی نیگولڈ حاصل کر کے مکمل برتری ثابت کی جبکہ حیدرآباد دوسرے اور میرپورخاص تیسرے نمبر پر رہا ۔1500میٹرز مردوں کی ریس میں کراچی کے ارباب تنولی نے 4منٹ اور28.03سیکنڈز کے ساتھ گولڈ میڈل حاصل کیا جبکہ کراچی ہی کے اکرم خان 4منٹ اور 34.03سیکنڈز کے ساتھ سلور میڈل لے سکے ،سکھر کے میکال نے 4منٹ اور 43.38سیکنڈز کے ساتھ برانز میڈل لیا۔

1500میٹرز ویمنز میں کراچی کی عائشہ یامین نے 6منٹ اور 03.29سیکنڈز کے ساتھ گولڈ میڈل جیتا جبکہ کراچی ہی کی ندا ندیم نے 7منٹ اور 01.00سیکنڈز کے ساتھ سلور میڈل لیا۔میر پور خاص کی نرمینہ علی نے 7منٹ اور 52.44سیکنڈز کے ساتھ برانز میڈل حاصل کیا۔400 میٹرز ویمنز میں کراچی کی ایشا عفان نے ایک منٹ اور 07.83سیکنڈز کے ساتھ گولڈ میڈل اپنے نام کیا جبکہ کراچی کی مرضہ رشید نے ایک منٹ اور11.56سیکنڈز کے ساتھ سلور اور حیدرآباد کی کرن نے ایک منٹ اور22.00سیکنڈز کے ساتھ برانز میڈل جیتا۔

4x100 میٹرز مردوں کی ریس بھی کراچی کے نام رہی۔اسامہ سلطان ،معید بلوچ،علی شان اور محسن بلوچ پر مشتمل کراچی کی ٹیم نے45.33سیکنڈز کے ساتھ گولڈ میڈل لیا جبکہ شہر یار،اویس،محسن اور زین نے 46.00سیکنڈز کے ساتھ سلور اور عاصم ،نثار،عرفان اور فرحان پر مشتمل سکھر کی ٹیم نے47.91سیکنڈز کے ساتھ برانز میڈل جیتا۔خواتین کی 4x100میٹرز ریس میں کراچی کی مرضیہ رشید،فاطمہ ثنا،ایشا عفان اور سعدیہ بشیر پر مشتمل ٹیم نے 54.37سیکنڈز کے ساتھ گولڈ میڈل جیتا۔

میرپورخاص کی کمفال، نرمینہ،ارم اور عروسہ پر مشتمل ٹیم نے ایک منٹ اور 02.53سیکنڈز کے ساتھ سلور جبکہ کنول،عائشہ،کر ن اور حنا راجپوت پر مشتمل حیدرآباد کی ٹیم نے ایک منٹ اور 06.78سیکنڈز کے ساتھ برانز میڈل جیتا۔ٹرپل جمپ ویمنز میں میر پو ر خاص کی ارم مجید نے 8.21میٹرز کے ساتھ گولڈ میڈل جبکہ حیدرآباد کی حنا راجپوت نے 7.96 میٹرز کے ساتھ سلور اور سکھر کی کلثوم نے 7.84 میٹرز کے ساتھ برانز میڈل اپنے نام کیا۔

مردوں کے ڈسکس تھرو میں کراچی کے ناہید اللہ نے 33.05 میٹرز کے ساتھ گولڈ میڈل حاصل کیا جبکہ دفاعی چیمپئن حیدرآبا کے شفیع اللہ نے 31.61 میٹرز کے ساتھ سلور میڈل لیا۔میر پو خاص کے حمزہ نے 31.02 میٹرز کے ساتھ برانز میڈل جیتا کراچی نے اسکوش میں مینز اور ویمنز ٹیم ایونٹس جیت لیے۔

کراچی نے سیپاک ٹاکرا، مینز والی بال، ویمنز ہاکی، ویمنز فٹبال، مینز نیٹ بال، ویمنزنیٹ بال میں بھی گولڈ میڈلزجیت لیے، سندھ گیمزکی اختتامی تقریب اتوار کوپی ایس بی کوچنگ سینٹر پر منعقد ہوگی،اس موقع پر وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ مہمان خصوصی ہوں گے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔