ٹیسٹ سیریز محمد عباس نے انگلش سپہ سالار پر ہی نشانہ باندھ لیا

میچزسے قبل کنڈیشنز سے اچھی طرح ہم آہنگ ہوجاؤں گا،پاکستانی پیسر


Sports Desk April 22, 2018
میچزسے قبل کنڈیشنز سے اچھی طرح ہم آہنگ ہوجاؤں گا،پاکستانی پیسر۔ فوٹو: سوشل میڈیا

فاسٹ بولر محمد عباس نے انگلش سپہ سالار جوئے روٹ کا گھر میں گھس کر شکار کھیلنے کا منصوبہ ظاہر کردیا۔

پاکستان کو آئندہ ماہ کے آخر میں انگلینڈ سے2 ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلنی ہے، فاسٹ بولر محمد عباس اس وقت یہاں کاؤنٹی کرکٹ کھیلنے میں مصروف ہیں، انھوں نے ٹیسٹ سیریز کیلیے اپنے ذاتی اہداف سے پردہ اٹھا دیا،پیسر نے کہا کہ ایک بہترین ٹیم کیخلاف اس کی سرزمین پر ٹیسٹ سیریز ہمارے لیے کافی مشکل ثابت ہوگی، اسی وجہ سے میرے لیے ضروری ہے کہ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کی کامیابی میں کردار ادا کروں۔

محمد عباس نے کہا کہ یہ درست ہے کہ عام طور پر ہوم گراؤنڈ پر کھیلنے والی ٹیم کو ہی فیورٹ قرار دیا جاتا ہے لیکن یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ پاکستان بھی انگلینڈ کو اس کے میدانوں پر شکست دینے کا ریکارڈ رکھتا ہے، اس لیے ہم یہ سیریز جیتنے کیلیے اپنی پوری کوشش کریں گے۔

محمد عباس کا اصل نشانہ میزبان قائد جوئے روٹ ہیں جن کا خاص طور پر ہوم ریکارڈ بہت ہی شاندار ہے، انھوں نے اپنے ملک میں کھیلے گئے 35 ٹیسٹ میچز میں 59.46 کی اوسط سے رنز اسکور کیے جبکہ13 میں سے 10 سنچریاں بھی انگلینڈ یں ہی بنائی ہیں۔

پاکستانی پیسر نے کہاکہ اگرچہ کسی بھی سیریز میں ہر وکٹ اہم ہوتی ہے لیکن میرا منصوبہ میزبانکپتان جوئے روٹ کی وکٹ لینے اور پھر دیگر سینئر کھلاڑیوں کو آؤٹ کرنے کا ہے، میں ہمیشہ ہی ان فارم بیٹسمینوں کو پویلین بھیجنے کی کوشش کرتا ہوں،اس سے کھیل پر گہرا اثر پڑتا اور مجھے امید ہے کہ میں اس بار بھی ایسا کرنے میں کامیاب رہوں گا۔

یاد رہے کہ 28 سالہ عباس نے اپنے 5 ٹیسٹ میچز کے کیریئرمیں21.34 کی اوسط سے 23 وکٹیں لی ہیں، انھوں نے کہاکہ لیسٹر شائر کی جانب سے کاؤنٹی کرکٹ کھیلنے سے مجھے انگلش کنڈیشنز سے اچھی طرح آگاہی حاصل ہوجائے گی جس کا فائدہ ٹیسٹ سیریز میں ہوگا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔