نائٹ ٹیسٹ کرکٹ بھارتی آنکھوں میں کھٹکنے لگی

بورڈ 5روزہ فارمیٹ کو مقبول بنانے کی کوششوں پر پانی پھیرنے پر تل گیا


Sports Desk April 22, 2018
فلڈلائٹس میں میچ کی آسٹریلوی پیشکش رد،اپنے ملک میں بھی میچ نہیں کرائے گا۔ فوٹو: فائل

نائٹ ٹیسٹ کرکٹ بھی بھارتی آنکھوں میں کھٹکنے لگی، بی سی سی آئی پانچ روزہ فارمیٹ کو مقبول بنانے کی کوششوں پر پانی پھیرنے کیلیے تل گیا۔

بھارتی بورڈ کی جانب سے ہمیشہ ہی کرکٹ میں ہونے والی جدت طرازی کی راہ میں روڑے اٹکانے کی کوشش ہوئی ہے، کافی عرصے تک ڈی آر ایس کی مخالفت کرنے والے بی سی سی آئی نے اب نائٹ ٹیسٹ کرکٹ کی مخالفت شروع کردی۔

رپورٹس کے مطابق بھارتی بورڈ نے دورئہ آسٹریلیا میں مصنوعی روشنیوں میں پنک گیند کے ساتھ ٹیسٹ کھیلنے سے انکار کردیا ہے،اسے خود اپنے ملک میں بھی ویسٹ انڈیز سے نائٹ ٹیسٹ کھیلنے میں کوئی دلچسپی باقی نہیں رہی۔

بھارتی کرکٹ بورڈ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ہمیں نائٹ ٹیسٹ کرکٹ کا کوئی مستقبل دکھائی نہیں دیتا، 2019 سے شروع ہونے والی ٹیسٹ چیمپئن شپ میں بھی کوئی چارروزہ میچ یا نائٹ اورپنک بال میچ شامل نہیں ہے، جب آئی سی سی خود ایسے مقابلوں کی ذمہ داری نہیں لے رہی تو پھر ہم کیوں کھیلیں۔

یاد رہے کہ کرکٹ آسٹریلیا اس بار ہوم سیزن میں بھارت سے ایڈیلڈ میں نائٹ ٹیسٹ کھیلنا چاہتا ہے، وہا وہ پہلے ہی نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ اور انگلینڈ سے مصنوعی روشنیوں میں ٹیسٹ کرکٹ کھیل چکا ہے۔ پاکستان نے کینگرو دیس میں پنک گیند سے نائٹ ٹیسٹ برسبین میں کھیلا تھا۔

واضح رہے کہ بھارت کی وینیو سلیکشن کمیٹی نے اپنے ملک میں پہلے نائٹ ٹیسٹ کی میزبانی کیلیے راجکوٹ کا انتخاب بھی کرلیا تھا،اس سے قبل پنک گیند سے وجے ہزارے ٹرافی کے میچز بھی کھیلے جا چکے ہیں،اچانک بی سی سی آئی نے اس حوالے سے اپنا راستہ تبدیل کرنا شروع کردیا ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں