ینگ بریگیڈ مضبوط انگلش قلعہ فتح کرنے کے لیے تیار

ٹیم میں کئی نوجوان کھلاڑی شامل ہونے کے باوجود تینوں ٹیسٹ میں کامیابی کیلیے پُرعزم ہیں،کپتان سرفراز احمد


Sports Reporter April 22, 2018
موسم بھی پریشان کرے گا، ٹیم تھوڑی ناتجربہ کارمگرپلیئرزکو اعتماد دے رہے ہیں،کپتان۔ فوٹو: پی سی بی

ینگ پاکستانی بریگیڈ مضبوط انگلش قلعہ فتح کرنے کے لیے تیار ہے جب کہ کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ ٹیم میں کئی نوجوان کھلاڑی شامل ہونے کے باوجود تینوں ٹیسٹ میں کامیابی کے لیے پُرعزم ہیں۔

دورۂ آئرلینڈ اور انگلینڈکیلیے منتخب کرکٹرز کی ٹریننگ کے تیسرے اور آخری روز ٹارگٹ میچ کھیلا گیا، مشکل کنڈیشنز میں3ٹیسٹ میچز کی تیاری کیلیے ہر بیٹسمین کو45 منٹ کریز پر رہنے کا ٹاسک ملا، بولرزکو6، 6اوورز کرنا تھے، فخرزمان 22 منٹ بعد آؤٹ ہوئے تو اظہر علی، اسد شفیق،بابر اعظم، حارث سہیل اور دیگر بیٹسمینوں کو بھی نیٹ پر بلایا گیا،بولرز نے وکٹیں اڑانے جبکہ بیٹسمینوں نے بچانے کیلیے پوری جان لڑائی تاہم بیٹسمین ثابت قدم رہے،1،2کے سوا کسی نے وکٹ نہیں گنوائی۔

ہیڈ کوچ مکی آرتھر اور معاون اسٹاف خامیوں کی نشاندہی کرتے نظر آئے، میدان میں گذشتہ روز کی بانسبت گرمی زیادہ لیکن مجموعی طور پر موسم خوشگوار تھا، کپتان سرفراز احمد، اظہر علی، سمیع اسلم، فخرزمان، امام الحق، اسد شفیق، حارث سہیل، بابر اعظم ، عثمان صلاح الدین،سعد علی، شاداب خان ،فہیم اشرف، محمدعامر، حسن علی اور راحت علی پر مشتمل قومی اسکواڈ اتوار اور پیر کی درمیانی شب روانہ ہوگا، کاؤنٹی کرکٹ کھیلنے میں مصروف محمد عباس انگلینڈ میں ہی دیگر کرکٹرز کو جوائن کریں گے۔

یادر ہے کہ آئرش ٹیم اپنی تاریخ کا پہلا ٹیسٹ11سے 15مئی تک ڈبلن میں مہمان پاکستان کیخلاف کھیلے گی، انگلینڈ سے 2ٹیسٹ پر مشتمل سیریز 24 مئی کو لارڈز میں شروع ہوگی، طویل فارمیٹ کے دوسرے میچ کا آغاز یکم جون سے لیڈز میں ہونا ہے۔

دوسری جانب قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ انگلش کنڈیشنز ہمیشہ مشکل ہوتی ہیں، 2016 کاگذشتہ ٹور جون میں شروع ہوا تھا،اس بار ہم نسبتاً پہلے جا رہے ہیں،یونس خان اور مصباح الحق جیسے سینئرز کی خدمات بھی حاصل نہیں،ٹیم تھوڑی ناتجربہ کار ہے، البتہ ہم کھلاڑیوں کو اعتماد دینے کی پوری کوشش کررہے ہیں،انگلینڈ میں قبل ازوقت جانے اور ٹور میچ کھیل کر کنڈیشنز سے بہتر انداز میں ہم آہنگ ہونے کا موقع بھی ملے گا۔

سرفراز احمد نے کہا کہ کئی نوجوان کھلاڑی شامل ہونے کے باوجود تینوں ٹیسٹ میں کامیابی کیلیے پُرعزم ہیں،نئے کرکٹرز کو بھی اچھی طرح معلوم ہے کہ بڑے پلیٹ فارم پر کارکردگی دکھانے سے انھیں اپنا انٹرنیشنل کیریئر آگے بڑھانے میں مدد ملے گی،انھوں نے کہا کہ عثمان صلاح الدین ٹیم کیساتھ رہے ہیں،سعد علی نے ڈومیسٹک کرکٹ میں اچھی کارکردگی دکھائی ہے، امید ہے کہ دونوں اچھا کھیل پیش کریں گے۔

سری لنکا کیخلاف ٹیسٹ سیریز میں ناقص پرفارمنس کے باوجود انگلینڈ میں جیت کی توقعات وابستہ کرنے کے سوال پر سرفراز احمد نے کہا کہ کنڈیشنز مختلف ضرور ہیں لیکن ٹور کی تیاری کیلیے کرکٹرز نے بہت محنت کی ہے، بیٹنگ اور بولنگ میں مہارت بہتر بنانے کیلیے کام ہوا، امید ہے کہ اچھے نتائج برآمد ہوں گے۔

صرف ایک نوجوان اسپنر پر سارا بوجھ ڈالنے کے سوال پر انھوں نے کہا کہ یاسر شاہ فٹ ہوتے تو انھیں لے کر جاتے، شاداب خان کے پاس لیگ اسپن اور گگلی دونوں ورائٹیز ہیں اسی لیے انھیں منتخب کیا، برطانیہ میں سردی بہت ہے، یہ بھی دیکھنا ہوگا کہ اسپنر کوکھلانے کی ضرورت بھی ہے یا نہیں،حارث سہیل اور اسد شفیق بھی بطور سلو بولرز ٹیم کے کام آسکتے ہیں۔

کپتان نے کہا کہ پیس بیٹری سمیت پاکستانی بولنگ لائن بہت اچھی ہے،بیٹسمین اگر 200رنز بھی بنا لیں تو بولرز حریف ٹیم کو دباؤ میں لا سکتے ہیں۔

ایک سوال پر سرفراز احمد نے کہا کہ آئرلینڈ کو ہوم کنڈیشنز میں آسان حریف نہیں سمجھا جا سکتا،میزبان ٹیم میں کاؤنٹی میچزکا تجربہ رکھنے والے سینئرز موجود ہیں،ٹیسٹ میچ میں اچھا مقابلہ ہوگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں