شوبز انڈسٹری چھوٹی مگر اس میں کام کرنے والے سب لوگ خاص ہیں کبریٰ خان

اداکاری،گلوکاری،میزبانی،فیشن اور پروڈکشن سمیت دیگرشعبے دکھنے میں آسان مگر ان میں کام ہر کسی کے بس کی بات نہیں،اداکارہ

ماڈلنگ سے اداکاری کی طرف آئی ،محنت سے جلد وہ مقام ملا جس کے لیے لوگ برسوں محنت کرتے ہیں،’’ایکسپریس‘‘ سے گفتگو۔ فوٹو : فائل

اداکارہ وماڈل کبریٰ خان نے کہا ہے کہ شوبزکی انڈسٹری بہت چھوٹی سی ہے جب کہ اس میں کام کرنے والے سب بہت اسپیشل ہیں۔


''ایکسپریس''سے گفتگوکرتے ہوئے کبریٰ خان نے کہا کہ میں نے جب شوبزکی دنیا میں قدم رکھا تو شروعات ماڈلنگ سے ہی کی، لیکن پھر مختلف گلوکاروں کے گیتوں میں ماڈلنگ کرتے ہوئے ایکٹنگ کا موقع ملا۔ پاکستان میں ٹی وی ڈراموں اورفلم میں کام کیا اوراب یہ سلسلہ کامیابی سے جاری ہے۔



کبریٰ خان نے کہا کہ شوبزکی انڈسٹری بہت چھوٹی سی ہے اوراللہ پاک نے اس کام کے لیے جن لوگوںکو منتخب کیا ہے، وہ سب کے سب بہت سپیشل ہیں۔ میں نے اپنی زندگی میں ایک ہی چیزسیکھی ہے کہ ہمیں ہرروز کچھ نہ کچھ نیا سیکھنا چاہیے۔


اداکارہ نے کہا کہ میرا یہ ماننا ہے کہ پیسے لگا کرکبھی بھی کامیابی حاصل نہیں کی جاسکتی۔ ہرکوئی چاہتا ہے کہ وہ راتوں رات شہرت کی بلندیوں تک پہنچ جائے لیکن اس کے لیے محنت ضروری ہے۔ اسی عزم کے ساتھ شوبزانڈسٹری میں کام کررہی ہوں اوریہ اللہ پاک کا خاص کرم ہے کہ مجھے بہت جلد وہ مقام مل گیا ، جس کے لیے لوگ برسوں محنت کرتے ہیں۔


ایک سوال کے جواب میں کبریٰ خان نے کہا کہ شوبز کے مختلف شعبوں میں کام کرنے کے بارے میں فی الحال توکچھ نہیں سوچا، لیکن مستقبل میں ایسا ہوبھی سکتا ہے۔ کیونکہ اب توآل راؤنڈ پرفارمنس بے حدضروری ہے۔

Load Next Story