کابل میں ووٹر رجسٹریشن مرکز پر خودکش حملے میں 52 افراد ہلاک

خود کش بمبار نے ووٹر رجسٹریشن مرکز میں داخل ہوکر خود کو دھماکے سے اڑالیا

خود کش بمبار نے ووٹر رجسٹریشن مرکز میں داخل ہوکر خود کو دھماکے سے اڑالیا فوٹو:فائل

افغانستان کے دارالحکومت میں ووٹر رجسٹریشن دفتر کے قریب ہونے والے خود کش دھماکے میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 52 ہو گئی ہے جب کے 100 سے زائد افراد زخمی ہیں۔

افغان میڈیا کے مطابق کابل کے علاقے 'پولیس ڈسٹرکٹ 6' میں خود کش بمبار نے ووٹر رجسٹریشن مرکز کے اندر داخل ہوکر خود کو دھماکے سے اُڑالیا جس کے نتیجے میں 52 افراد ہلاک اور 100 سے زائد زخمی ہو گئے۔ ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں متعدد زخمیوں کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔


دوسری جانب افغانستان کے صوبہ بلخ کے ضلع چہار بولاک میں طالبان جنگجوؤں کے ساتھ گزشتہ روز ہونے والی جھڑپ میں شدید زخمی ہونے والے ضلعی پولیس کے سربراہ محمد حلیم کھنجر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے مقامی اسپتال میں دم توڑ گئے۔

واضح رہے کہ رواں سال افغانستان میں 5 بڑے خودکش دھماکوں میں 140 سے زیادہ افراد ہلاک اور207 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ ان خودکش حملوں میں فوجی اڈوں اور مساجد کو نشانہ بنایا گیا جب کہ افغان اور اتحادی افواج نے رواں سال افغانستان کے مختلف صوبوں میں کارروائی کرتے ہوئے 5 سپریم طالبان کمانڈرز سمیت 102 جنگجوؤں کو مارنے کا دعوی بھی کیا ہے۔
Load Next Story