پاکستانی دریائوں پر بھارتی ڈیموں کی تعمیر

بھارت پاکستان کو پانی کے حصول کے مسائل میں الجھائے رکھنا چاہتا ہے‘ یہ حقیقت اب پوری طرح آشکار ہو چکی ہے.


Editorial August 11, 2012
معاہدہ سندھ طاس کے تحت پاکستان کے حصے میں آنے والے دریائوں کے پانی پر صرف ہمارا حق ہے. فوٹو ارم شیخ

عالمی ثالثی عدالت میں پاکستان کی جانب سے بھارت کے متنازع کشن گنگا ڈیم کی تعمیر کے خلاف کیس کی سماعت شروع ہوئی۔ اس کیس میں پاکستان کا موقف ہے کہ بھارت پاکستان آنے والے دریائوں کا پانی نہیں روک سکتا اور نہ ہی اس کا پانی روکنے کے لیے ڈیم بنا سکتا ہے۔

یاد رہے کہ عالمی عدالت انصاف اس ڈیم کی تعمیر کے خلاف پہلے ہی حکم امتناعی جاری کر چکی ہے۔ یہ مقدمہ لڑنا پاکستان کا حق ہے کیونکہ معاہدہ سندھ طاس کے تحت پاکستان کے حصے میں آنے والے دریائوں کے پانی پر صرف ہمارا حق ہے تاہم یہ بھی ایک افسوسناک اور تکلیف دہ حقیقت ہے کہ پاکستانی دریائوں پر بھارتی ڈیموں کی تعمیر کے خلاف آواز بلند کرنے میں ہم ضرورت سے زیادہ تاخیر کر دیتے ہیں' پاکستان کے حصے میں آنے والے دریائوں پر تعمیر ہو چکے ڈیم اس تاخیر کی واضح مثال ہیں۔

اس میں کسی سازش کے کارفرما ہونے کے اندیشے کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا تاہم اس تاخیر کی سب سے اہم وجہ فرائض سے غفلت اور حب الوطنی کا فقدان ہے جس کا نتیجہ یہ نکلتا ہے کہ ہمیں عالمی عدالتوں کے دروازے کھٹکھٹانا پڑتے ہیں' اگر اپنی آنکھیں کھلی رکھی جائیں تو یقیناً اس خجل خرابی سے بچا جا سکتا ہے۔ بھارت کی جانب سے پانچ دھائیاں قبل کیے گئے۔

اہم آبی معاہدے کی خلاف ورزیاں بڑھتی جا رہی ہیں' ایسا ممکن نہیں ہے کہ بھارت کے ایسے ہر اقدام پر عالمی اداروں کا تعاون حاصل کیا جائے چنانچہ حکومت کو اس حوالے سے ٹھوس اقدامات عمل میں لانے چاہئیں تاکہ بار بار کی پریشانیوں سے بچا جا سکے' علاوہ ازیں حکومت کو خود بھی ملک میں بڑے آبی ذخیروں کی تعمیر کے منصوبے شروع کرنے چاہئیں تاکہ پانی ذخیرہ کر کے آبپاشی اور بجلی کی پیداوار کے لیے استعمال کیا جا سکے۔

ایسا کرنا اس لیے ضروری ہے کہ ہمارے دریائوں پر کسی بھارتی ڈیم کی تعمیر پر جب ہم کسی عالمی ادارے کا رُخ کریں تو بھارتی حکومت یہ موقف پیش نہ کر سکے کہ پاکستان یہ پانی ضایع کر رہا تھا جب کہ وہ اسے استعمال میں لا رہی ہے۔ بھارت پاکستان کو پانی کے حصول کے مسائل میں الجھائے رکھنا چاہتا ہے' یہ حقیقت اب پوری طرح آشکار ہو چکی ہے

' اس صورتحال سے ملک کو کیسے نکالنا ہے یہ ہماری قیادت کا امتحان ہے' اسے یہ ذمے داری وقت رہتے پوری کرنا چاہیے تاکہ پاکستان کو بنجر ہونے سے بچایا جا سکے۔ ہماری معیشت کا دارومدار زرعی پیداوار پر ہے' یہ پیداوار کم ہو گئی' جس کے آثار نظر آنا شروع ہو چکے ہیں' تو ہماری معیشت مزید مسائل کا شکار ہو جائے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں