عوام سے گزارش کرتا ہوں کہ الیکشن کے روز بلا خوف ووٹ ڈالیں فاروق ستار

سیاسی جماعتوں کو مل کر پاکستان کو بحران سے نکالنا ہو گا, فارو ق ستار


ویب ڈیسک April 14, 2013
فاروق ستار نے کہا کہ پاکستان کو موجودہ بحران سے نکالنے کے لئے پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں کو مل جل کر تدبیر کرنی ہو گی۔ فوٹو: فائل

KARACHI: ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار نے کہا ہے کہ میں عوام سے گزارش کرتا ہوں کہ الیکشن والے روز گھروں سے نکلیں اور بلا خوف ووٹ ڈالیں۔

مسلم لیگ ق کے رہنما مشاہد حسین کی سربراہی میں وفد سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ پاکستان کو موجودہ بحران سے نکالنے کے لئے پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں کو مل جل کر تدبیر کرنی ہو گی۔ فاروق ستار نے کہا کہ ایم کیو ایم کو انتہا پسندوں کی جانب سے دھمکیاں دی گئیں لیکن ان جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کاروائی کرنے کے بجائے پر امن علاقوں میں آپریشن کیا جا رہا ہے جو غلط ہے، انہوں نے کہا کہ گھر گھر تلاشی کرنے کا مطلب انتخابات کی پر امن تیاری کو متاثر کرنا ہے۔

فاروق ستار نے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف ایم کیو ایم کی زیرو ٹالیرنس پالیسی ہے، قائد تحریک الطاف حسین نے بھی متعدد بار کہا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر اور دہشت گردی کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی ہونی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنی جانب سے ہر طرح سے الیکشن کمیشن کی جانب سے بنائے گئے ضابطہ اخلاق کی مکمل پاسداری کریں گے۔

اس موقع پر مشاہد حسین نے کہا کہ ہمارا ایم کیو ایم سے پرانا اور گہرا تعلق ہے، دونوں جماعتوں کے تعلقات مثالی ہیں، پاکستان کے موجودہ مسائل کوئی ایک پارٹی یا کوئی ایک ادارہ اکیلے حل نہیں کر سکتا، اس کے لئے تمام جماعتوں کو مل کر بیٹھنا ہوگا۔ مشاہد حسین نے کہا کہ ملک میں جاری دہشت گردی، معیشت، تعلیم، توانائی بحران اور دیگر مسائل پر ہم تمام جماعتوں کا اتفاق چاہتے ہیں۔ مشاہد حسین نے کہا کہ الطاف حسین کے لئے چوہدری شجاعت کا پیغام لے کر آئیں ہیں، انہوں نے کہا کہ آج تک ایم کیو ایم مشکلات کا خندہ پیشانی سے سامنا کرتی آئی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں