غفلت پر ڈپٹی ڈائریکٹر نیب لاہور معطل

شکایت کنندہ سے مشرف کی غیرقانونی جائیدادکے ثبوت اور ان کی طرف سے جنرل (ر) یوسف کو الاٹ پلاٹوں کی تفصیل طلب کرلی گئی


چیئرمین کی ہدایت پرڈپٹی ڈائریکٹرسکھرکے خلاف انکوائری کا آغاز، پختونخوا میںسرکاری ملازمین کیخلاف3 انکوائریوں کی منظوری دیدی۔ فوٹو :فائل

چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے فرائض کی ادائیگی میں غفلت اور نااہلی پر ڈپٹی ڈائریکٹر نیب لاہور محمد رمضان کو معطل کردیا ہے۔

نیب نے سابق صدر جنرل (ر) پرویزمشرف کے خلاف بھی انکوائری کا آغاز کرتے ہوئے30 اپریل کو شکایت کنندہ کو طلب کرلیا، مس کنڈکٹ پر معطل ڈپٹی ڈائریکٹر سکھر کاشف ممتاز گوندل کے خلاف بھی انکوائری شروع کردی گئی، نیب خیبرپختونخوا نے مختلف سرکاری محکموں کے افسران کے خلاف کرپشن کی تحقیقات شروع کردی۔

قومی احتساب بیورو نے محکمہ ٹورازم کارپوریشن خیبرپختونخواکے ملازمین، ڈسٹرک ایجوکیشن آفیسر (زنانہ) ڈی آئی خان اور ٹی ایم اے نوشہرہ کے خلاف بدعنوانی کی تحقیقات کی منظور ی دے دی۔ اتوار کو ترجمان نیب کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین نیب جسٹس(ر) جاوید اقبال نے ڈپٹی ڈائریکٹر نیب لاہور محمد رمضان کو فرائض کی عدم ادائیگی اور نااہلی پر معطل کردیا ہے، چیئرمین نے معطل افسر پر عائد الزامات کی تحقیقات کے احکام جاری کردیے جبکہ انھیں اپنے دفاع کا حق بھی دیا جائے گا۔

دوسری جانب نیب کے ڈپٹی ڈائریکٹر سکھر کاشف ممتاز گوندل کے خلاف بھی انکوائری شروع ہوگئی ہے، کاشف ممتاز کو مس کنڈکٹ پر چیئرمین نیب نے 3 ماہ کیلیے معطل کیا تھا۔ جسٹس رٹائرڈ جاوید اقبال کے عہدہ سنبھالنے کے بعد سے اب تک ان کی ہدایت پر ادارے کے85 افسروں و اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی گئی ہے، اس کے بعد 23 افسروں و اہلکاروں کو ملازمت سے برطرف جبکہ32 کو معطل کیا جاچکا ہے۔

اعلامیے کے مطابق چیئرمین نیب کا کہنا ہے کہ ''احتساب سب کیلیے'' میں خود احتسابی کا عمل بھی بہت ضروری ہے۔ قومی احتساب بیورو(نیب) نے سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کے خلاف انکوائری کا آغاز کرتے ہوئے30اپریل کو شکایت کنندہ کو طلب کرلیاہے۔ روزنامہ ایکسپریس کو دستیاب نوٹس کے مطابق نیب نے شکایت کنندہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ مشرف کی طرف سے عہدے واختیارات کا غلط استعمال کرکے حاصل کیے گئے فوائد کا ثبوت پیش کریں۔

درخواست گزار انعام رحیم ایڈووکیٹ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مشرف کے رہائشی وکمرشل پلاٹس، زرعی زمین، آرمی ہاؤسنگ اسکیم سے حاصل کیے گئے مکانات، جنرل رٹائرڈ یوسف کو مبینہ طور پر الاٹ کیے گئے 85 پلاٹس کی تفصیلات بھی فراہم کریں۔ درخواست گزار کو گلگت بلتستان کے حلقے کے ریٹرننگ افسر کے احکام اور مشرف کی طرف سے گزشتہ انتخابات میں جمع کرائے گئے کاغذات نامزدگی کے ساتھ جمع کرائی گئی جائیداد کی تفصیلات سمیت پشاور اور اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلوں کی نقول بھی جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

نوٹس میں درخواست گزار سے کہا گیا ہے کہ آپ نے گزشتہ اجلاس کے بعد سے اب تک مذکورہ دستاویزات جمع نہیں کرائیں، اگر آپ اس نوٹس کے مطابق تعمیل میں ناکام ہوئے تو نیب آرڈیننس1999کے سیکشن 2 کے تحت کارروائی ہوگی۔ دوسری جانب پشاورسے نمائندہ ایکسپریس کے مطابق نیب خیبرپختونخوا نے مختلف سرکاری محکموں کے حکام کیخلاف کرپشن کی تحقیقات شروع کردی۔

گزشتہ روز پشاور میں ڈی جی نیب خیبر پختونخوا فرمان اللہ خان کی زیرصدارت نیب ریجنل بورڈکے اجلاس میں خیبر پختونخوا ٹورازم کارپوریشن کے ملازمین کے خلاف بدعنوانی کی تحقیقات کی منظوری دی گئی، ان پر الزام ہے کہ انھوں نے قانون کی خلاف ورزی کر تے ہوئے محکمہ ٹورازم کارپوریشن میں غیر قانونی بھرتیاں کیں، ڈی ای او زنانہ ڈی آئی خان کے خلاف بدعنوانی اور اختیارات کے ناجائزاستعمال کی انکوائری بھی شروع کردی گئی ہے،ان پر الزام ہے کہ انھوں نے قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ڈسڑکٹ ایجوکیشن آفیسر (زنانہ) ڈی آئی خا ن میں مختلف کیڈر میں غیر قانونی بھرتیاں کیں۔

ٹی ایم اے نوشہرہ کے ایڈمنسٹریٹوآفیسر کے خلاف بھی کرپشن اور اختیارات کے ناجائزاستعمال کے الزام میں تحقیقات کی جائے گی، ان پر الزام ہے کہ انھوں نے غیر قانونی بھرتیاں کیں اور ٹیکس کلیکشن کے مختلف ٹھیکے اپنے فرنٹ مین کو دیے، سینئر آڈیٹر، اکاؤنٹس آفیسر شانگلہ عمرحیات کے خلاف آمدن سے زائد اثاثے بنانے پر ضمنی ریفرنس دائر کرنے کا بھی حکم جاری کردیا گیاہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔