ووٹ بیچنے کا الزام عبید مایار نے پارٹی چھوڑ دی

ووٹ پارٹی ہدایت کے مطابق دیا، پی ٹی آئی نے تیر پر نشان کیوں لگایا، زاہد درانی، عبید مایار کی پریس کانفرنس


Numaindgan Express April 23, 2018
4 نومنتخب سینٹرز نے بتایا کہ انھوں نے ٹکٹ کیلیے 40سے5کروڑدیے، یاسین خلیل، بابرسلیم اور خاتون بی بی کا عدالت جانے کا اعلان۔ فوٹو: فائل

سینیٹ انتخابات میں ووٹ فروخت کرنے کے الزامات پر مردان سے تعلق رکھنے والے پی ٹی آئی کے رکن صوبائی اسمبلی عبید مایار پارٹی سے احتجاجاََ مستعفی ہوگئے۔

مردان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عبید مایار نے کہا کہ 10 سال سے پارٹی سے وابستہ ہوں اور پارٹی کیلیے اسلام آباد دھر نے سمیت بہت قربانیاں دی ہیں، ان پر لگائے گئے الزامات بے بنیاد ہے، سینیٹ میں ووٹ تحر یک انصاف کے امیدوارکوہی دیا ہے، الزام تو ہم بھی لگاسکتے ہیں کہ سینیٹ انتخابات میں ڈپٹی چیئرمین کو ووٹ کس نے دیا، پی ٹی آئی کے سینیٹرز نے تیر کے نشان پر کیوں ووٹ دیا کیا یہ ان کے ایجنڈے میں شامل تھا، یہ پیسوں کے لا لچ میں دیا گیا ہے۔

عمران خان نے الزامات پہلے لگائے اور کمیٹی بعد میں بنائی، کسی کمیٹی کو جواب دہ نہیں،عوام نے ووٹ دیاہے ان کو جواب دوںگا، ہمارے پینل کے امیدوار ایوب آفریدی کامیاب ہوئے ہیں تاہم جن ایم پی ایزکے امیدوار ناکام ہوئے ان کو کچھ نہیں کہاگیا۔

انھوں نے ووٹ فروخت کرنے کے الزامات مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں قربانی کا بکرا بنایا گیا، مجھے کوئی اعتراض نہیں پارٹی جس کو چاہے ٹکٹ جاری کرے مگر ہمیں بے عزت نہ کیاجائے، ہمیں مجر م ٹھہرایا گیا ہے اب شو کازنو ٹس کس با ت کیلیے ہے۔

قبل ازیں مذکورہ دونوں ایم پی ایزکے حامیوں نے مردان پریس کلب کے سامنے روڈ کو ٹریفک کیلیے بندکرکے احتجاجی مظاہرہ بھی کیا اور پارٹی کی جا نب سے ایم پی ایز پر لگا ئے گئے الزامات کو مستردکرتے ہوئے ان کے حق میں نعرہ با زی کی۔

پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے یاسین خلیل نے ووٹ بیچنے کا عائد الزام مسترد کرتے ہوئے اس کے خلاف عدالت جانے کا اعلان کردیاہے، ثابت کریں اور اگر ثابت نہ کرسکے تو انھیں پوری پشتون قوم سے معافی مانگنی ہوگی، 4 سینیٹرز پارٹی کے کارکن نہیں بلکہ انھوں نے مجھے بتایا کہ انھوں نے40سے50 کروڑ روپے دیے تو انھیں ٹکٹ دیے گئے، عمران خان 4 سال جنگلہ بس کی مخالفت کرتے رہے لیکن پھر اچانک جنگلہ بس انھیں یاد آگئی۔

انھوں نے الزام لگایا کہ وزیراعلیٰ کا کہناہے کہ عمران خان کہہ رہے ہیں کہ الیکشن میں گلوبٹ عناصرسے نمٹنے کیلیے پیسوں کی ضرورت ہے جو اس منصوبے سے انھیں ملیں گے۔

صوابی کی ایم پی اے خاتون بی بی نے قرآن پاک پر حلف دیتے ہوئے اپنے اوپر تمام الزامات مسترد کردیے، انھوں نے کہا کہ شوکاز نوٹس ملا ہے جس کا تفصیلی جواب دوںگی، عمران خان اپنے الزامات واپس لیں ورنہ ان کے خلاف عدالت سے رجوع کیا جائے گا۔

بابر سلیم نے کہا ہے کہ عمران خان کو یہ تک پتہ نہیں کہ خیبرپختونخوا اسمبلی میں ان کے پارٹی ممبرز کون کون ہیں، میں جب تحریک انصاف کا ممبر نہیں تو مجھ کو شوکاز نوٹس بھیجنے کی کیا تک بنتی ہے، سینیٹ الیکشن سے ایک ماہ قبل ن لیگ میں شمولیت اختیار کی ہے، میرے سیاسی کیریئر پر داغ لگانے کے خلاف عدالت میں دعویٰ دائر کرونگا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔