پی ٹی آئی کی ٹوکری میں سارے ٹماٹر گندے ہیں فضل الرحمن

سازش کے تحت دینی جماعتوں کو دیوار سے لگانے کی کوشش کی جارہی ہے، سربراہ جے یو آئی (ف)


Numaindgan Express April 23, 2018
وزیر اعلی سے کوئی پوچھنے والا نہیں، ڈیرہ میں کانفرنس سے خطاب۔ فوٹو: فائل

مرکزی امیر جمعیت علمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ عمران خان کہتا ہے کہ اس کی ٹوکری میں بیس گندے ٹماٹرہیں ہم کہتے ہیں کہ تمہاری ٹوکری میں موجود تمام ٹماٹرگندے ہیں۔

مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ مذہبی جماعتوں سے منافرت پہلے دن سے ہی نظر آرہی ہے ہمیں طعنہ دیا جاتا ہے کہ علمائے کرام ایک پلیٹ فارم پر کیوں اکٹھے نہیں ہوتے لیکن آج ہم نے متحدہ مجلس عمل کے قیام سے ان سازشوں کو ناکام بنا دیا ہے۔

انھوں نے کہاکہ ادارے آج انصاف دینے کی بات کر رہے ہیں لیکن یہ کیسا انصاف ہے جو نظر نہیں آرہا؟ پی ٹی آئی نے احتساب کمیشن بنایا لیکن جب دیکھا کہ اسکا وزیر اعلیٰ اس احتساب کے شکنجے میں آتا محسوس ہوا تو احتساب کمیشن کے سربراہ کو گھربھیج دیاگیا۔نیب اور انصاف دینے والو ں نے ایک پارٹی کو فوکس کیا ہوا ہے۔

مولانا فضل الرحمن نے نام لیے بغیر ڈیرہ اسماعیل خان کے نوابوں اور سرداروں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دیکھنے میں یہ بڑے بھولے لگتے ہیں لیکن ہمیں معلوم ہے کہ انکی ہوا کیسے نکالی جاسکتی ہے۔

علاوہ ازیں متحدہ مجلس عمل کے سربراہ اورجے یو آئی کے مرکزی امیرمولانا فضل الرحمن نے ایم ایم اے میں شامل جماعتوں کاسربراہی اجلاس 27اپریل کو اسلام آباد میں طلب کر لیا ہے اجلاس میں ملک کی موجودہ سیاسی اور بین الاقوامی صورت حال اور آئندہ عام انتخابات کے حوالے سے غور اور مجلس عمل کے رابطہ عوام مہم کے حوالے سے فیصلے کیے جائیں گے یہ باتیں ایم ایم اے سیکریٹری جنرل لیاقت بلوچ اور رابطہ سیکریٹری مولانا محمد امجد خان نے یہاں کارکنوں اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہیں۔

انھوں نے بتایا کہ اجلاس میں مولانا فضل الرحمن ،سنیٹرسراج الحق ،پروفیسر ساجد میر ،پیراعجاز ہاشمی،علامہ ساجد علی نقوی،مولانا عبد الغفور حیدری،صاحبزادہ اویس احمد نورانی ،حاجی اکرم خان درانی ،رانا شفیق پسروری سردار محمد خان لغاری،علامہ توقیرضیا،پیر محفوظ مشہیدی، شبیر حسین میسمی، علامہ عارف واحدی اور دیگر شریک ہوں گے ۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں