مقبوضہ کشمیر کمسن آصفہ کے قتل کے خلاف مظاہرے جاری فائرنگ سے 3 نوجوان زخمی

سری نگر کے لال چوک اور نوہٹہ میں تاجروں کا احتجاج، علامتی ہڑتال، ریلی نکالی، دھرنا دیا


خبر ایجنسی April 23, 2018
پولیس افسران اپنے عوام کیخلاف جنگ چھیڑنے اور قتل و غارت میں حصہ لینے سے پرہیزکریں،علی گیلانی کا انتباہ۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD: مقبوضہ کشمیر کے ضلع کٹھوعہ میں کمسن بچی آصفہ کی آبروریزی اور قتل کے خلاف لال چوک میں تاجروں نے ایک گھنٹے تک علامتی ہڑتال کی اور پرامن احتجاجی دھرنا دیا جبکہ مائسمہ میں لوگوں نے واقعے کی تحقیقات جلد از جلد مکمل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق لال چوک ، ریذیڈنسی روڑ، پولوویو، لیمبرٹ لین، بنڈ اور ریگل چوک کے دکانداروں نے ایک گھنٹے تک تجارتی سرگرمیاں معطل کردیں۔ ریگل چوک ٹریڈرس ایسوسی ایشن سے وابستہ تاجروں کی ایک بڑی تعداد نے 3 سے 4 بجے تک ایک پرامن احتجاجی دھرنا دیا۔ انھوں نے کٹھوعہ معاملے کی تحقیقات جلد سے جلد مکمل کرنے پر زور دیتے ہوئے مجرموں کو قرار واقعی سزا دینے کا مطالبہ کیا۔ احتجاجی مظاہرین نے پریس کالونی تک مارچ کیا اور واقعے میں ملوث عناصر کو کڑی سزاد دینے کا مطالبہ کیا۔

احتجاج کرنے والے تاجروں نے ہاتھوں میں بینر اور پلے کارڈ اْٹھارکھے تھے جن پر ننھی پری کے حق میں نعرے درج تھے۔ دریں اثنا سری نگر کے علاقے نوہٹہ میں بھی تاجروں نے کٹھوعہ واقعے کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی۔

ضلع پلوامہ کے علاقے کریم آباد میں بھارتی فورسز نے پرامن احتجاج کرنے والے مظاہرین پر فائرنگ کرکے 3 نوجوانوں کو شدید زخمی کردیا۔ کٹھ پتلی انتظامیہ نے دختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی کو 4 کارکنوں کے ہمراہ 8 روزہ عدالتی ریمانڈ پرسینٹرل جیل سرینگر منتقل کر دیا ہے۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے قابض انتظامیہ کی طرف سے کشمیری نوجوانوں کو فرضی الزامات میں گرفتار کرکے پولیس تھانوں اور انٹروگیشن سینٹروں میں جسمانی تشدد کا نشانہ بنانے اور علاقے میں خوف ودہشت کا ماحول پیدا کرنے کی شدید مذمت کی ہے۔

علی گیلانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ بعض پولیس افسر اپنے آقاؤں کو خوش کرنے کے لیے اپنے ہی عوام کو ظلم وبربریت کا نشانہ بنا رہے ہیں۔ انھوں نے ان پولیس افسران کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے عوام کے خلاف جنگ چھیڑنے اور قتل و غارت میں حصہ لینے سے پرہیز کریں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں