شمالی کوریا کی دھمکیوں کے پیش نظر امریکا کی جاپان کو مکمل تحفظ کی یقین دہانی

امریکا شمالی کوریا کے ممکنہ حملوں کے نتیجے میں جاپان کے دفاع میں اس کا مکمل ساتھ دے گا، جان کیری

جان کیری نے کہا کہ امریکا شمالی کوریا کے ممکنہ حملوں کے نتیجے میں جاپان کے دفاع میں اس کا مکمل ساتھ دے گا۔ فوٹو: اے ایف پی

امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے شمالی کوریا کی ممکنہ حملوں کے خطرے کے پیش نظر جاپان کو تحفظ کا احساس دلاتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا جاپان کے دفاع میں اس کا ساتھ دے گا۔

ٹوکیو میں جاپان کے وزیر خارجہ فیومیو کشیدا سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جان کیری نے کہا کہ شمالی کوریا کے ممکنہ حملوں کی صورت میں امریکا جاپان کے دفاع کےلئے ہر ممکن تعاون کرے گا۔


اس سے قبل جمعہ کو شمالی کوریا نے جاپان کو دھمکی دی تھی کہ اگر اس نے شمالی کوریا کے راستے میں آنے یا اس کے میزائل کو مار گرانے کی کوشش کی تو جنوبی کوریا اور امریکا کے ساتھ ہونے والی جنگ کا آغاز جاپان سے ہوگا۔

جان کیری پیر کے روز جاپان کے وزیراعظم شنزو ابے سے ملاقات کریں گے۔ اس سے قبل جان کیری نے چین کا بھی دورہ کیا جہاں چین کی قیادت نے امریکا کے ساتھ مل کر شمالی کوریا کو جوہری پروگرام ترک کرنے پر رضامند کرنے کے عمل میں شریک ہونے کی یقین دہانی کرائی۔ چین کے خارجہ پالیسی کے سربراہ یینگ جائچی نے کہا تھا کہ شمالی کوریا کی جانب سے امریکا اور جنوبی کوریا کو دھمکیاں دینے کے بعد پیدا ہونے والی محاذ آرائی کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کی ضرورت ہے۔

Recommended Stories

Load Next Story