جنوبی کوریا نے شمالی کوریا کی سرحد پر پروپیگنڈا کے غرض سے نصب درجنوں لاؤڈ اسپیکر بند کرنے کا اعلان کردیا۔
بین الاقوامی خبر رساں ایجنسی کے مطابق جنوبی کوریا اور شمالی کوریا کے درمیان کشیدگی کا باعث بننے والے معاملات پر تیزی سے گفت و شنید کا سلسلہ جاری ہے اور کئی اختلافی مسائل طے پا گئے ہیں جس کے بعد جنوبی کوریا نے شمالی کوریا کی سرحد پر نصب درجنوں لاؤڈ اسپیکر کو بند کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ ان لاؤڈ اسپیکرز سے شمالی کوریا سے متعلق منفی خبریں نشر کی جاتی تھیں۔
جنوبی کوریا کے وزارت دفاع کے ترجمان نے اس حوالے سے اپنے بیان میں کہا کہ جنوبی کوریا کا یہ قدم جنوب اور شمال کے درمیان فوجی کشیدگی کو کم کرنے اور پر امن مذاکرات کے لیے راہ سازگار کرنے کی جانب ایک قدم ہے۔ شمالی کوریا کے وزیراعظم کم یانگ ان رواں ہفتے جنوبی کوریا کے صدر مون جائے سے ملاقات کر رہے ہیں اور یہ ایک دہائی کے دوران پہلا موقع ہے جب دونوں ممالک کے سربراہان ایک دوسرے سے ملاقات کریں گے۔
شمالی کوریا اور جنوبی کوریا کے درمیان رواں ہفتے اعلیٰ سطح کے حکام کے درمیان بات چیت کے دور میں دونوں ممالک کے خوش گوار تعلقات کے درمیان حائل ہونے والے مسائل کے حل ڈھونڈا جائے گا۔ شمالی کوریا نے اپنی عالمی پالیسی پر نظر ثانی کی ہے اور گزشتہ ہفتے اپنی جوہری تجربات کے ایک مرکز کو بند کرنے کا بھی اعلان کیا تھا۔