چیف جسٹس پاکستان نے نابینا وکیل کی اپیل کا نوٹس لے لیا

نابینا وکیل یوسف سلیم کو سلیکشن کمیٹی نے سول جج کے عہدے کیلئے مسترد کردیا تھا

چیف جسٹس نے لاہور ہائیکورٹ کو نابینا وکیل کا دوبارہ انٹرویو کرنے کی ہدایت کردی۔ فوٹواسکرین گریب

چیف جسٹس پاکستان نے نابینا وکیل یوسف سلیم کی اپیل کا نوٹس لیتے ہوئے لاہور ہائیکورٹ کو نابینا وکیل کادوبارہ انٹرویو کرنے کی ہدایت کردی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق لاہور کے رہائشی نابینا وکیل یوسف سلیم نے سول جج کے عہدے کیلئے امتحان دیا تھا جس میں کامیابی کے بعد وہ انٹرویو میں کامیاب نہ ہوسکے اور سلیکشن کمیٹی نے انہیں سول جج کے عہدے کیلئے مسترد کردیا تھا۔


یوسف سلیم نے سلیکشن کمیٹی کی جانب مسترد کیے جانے کے بعد ان کا انٹرویو دوبارہ لیے جانے کی اپیل کی تھی جس پر چیف جسٹس پاکستان نے اپیل پر نوٹس لیتے ہوئے لاہور ہائیکورٹ کو یوسف سلیم کا دوبارہ انٹرویو کرنے کی ہدایت کردی۔

واضح رہے کہ بصارت سے محروم 25 سالہ یوسف سلیم نے نابینا ہونے کے باوجود پنجاب یونیورسٹی سے ایل ایل بی کا امتحان پاس کرکے گولڈ میڈل حاصل کیا ہے۔ یوسف سلیم نے سول جج کے عہدے کیلئے امتحان دیاتھا جس میں کامیابی بھی حاصل کرلی تھی لیکن نابینا ہونے کی وجہ سے سلیکشن کمیٹی نے انہیں انٹرویو میں فیل کردیا تھا۔
Load Next Story