فیڈرل پبلک سروس کمیشن کے امتحانات پر عارضی پابندی عائد

جب تک ایف پی ایس سی میں اسلام آباد کا کوٹہ مقرر نہیں ہوتا، حکم برقرار رہے گا، اسلام آباد ہائیکورٹ


ویب ڈیسک April 24, 2018
جب تک ایف پی ایس سی میں اسلام آباد کا کوٹہ مقرر نہیں ہوتا، حکم برقرار رہے گا، اسلام آباد ہائیکورٹ فوٹو:فائل

ہائیکورٹ نے فیڈرل پبلک سروس کمیشن کے امتحانات پر عارضی پابندی عائد کردی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے ایف پی ایس سی میں اسلام آباد کا کوٹہ مقرر کرنے سے متعلق کیس کی سماعت کی۔ سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن معروف افضل اور دیگر افسران عدالت میں پیش ہوئے۔ ڈپٹی اٹارنی جنرل ارشد محمود کیانی نے وفاق کی نمائندگی کی۔

ہائیکورٹ نے ملک بھر میں فیڈرل پبلک سروس کمیشن کے امتحانات کا عمل روکنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے قرار دیا کہ جب تک ایف پی ایس سی میں اسلام آباد کا کوٹہ مقرر نہیں ہوتا، حکم برقرار رہے گا۔ سیکرٹری اسٹبلشمنٹ ڈویژن معروف افضل نے درخواست کی کہ اس پراسس کو نہ روکیں ورنہ ملک بھر کے طلبا متاثر ہوں گے، کوٹہ مقرر کرنے سے اسلام آباد کے لوگوں کا نقصان ہوگا۔

جسٹس شوکت عزیزصدیقی نے کہا کہ کوئی نقصان نہیں ہوگا اسلام آباد کے شہری اوپن میرٹ پر بھی آسکتے ہیں، 56 سال سے اسلام آباد کے ڈومیسائل ہولڈرز کے ساتھ ظلم ہورہا ہے۔ جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے استفسار کیا کہ وفاقی سیکرٹریز میں ارشد مرزا اور فواد بٹ کشمیر کے کوٹہ پر آئے، کیا اسلام آباد کا کوئی ہے؟۔

معروف افضل نے کہا کہ جی ابھی تک اسلام آباد سے کوئی نہیں آیا، کابینہ 2013 سے اس معاملے کو دیکھ رہی ہے پراسس جلد مکمل ہوجائے گا، جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے کہا کہ پانچ سال میں آپ نے کچھ نہیں کیا، لیکن اب پراسس کو معطل کرتے ہیں پھر دیکھیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں