سکھ یاتری امرجیت سنگھ کو بھارت ڈی پورٹ کردیا گیا

متروکہ وقف املاک کو امرجیت سنگھ کی وطن واپسی کے لیے قانونی مسائل کا سامنا کرنا پڑا


آصف محمود April 24, 2018
امرجیت سنگھ نامی نوجوان امرتسرکا رہائشی ہے : فوٹو : ایکسپریس نیوز

ISLAMABAD: بھارتی سکھ یاتری امرجیت سنگھ کو واہگہ بارڈر کے راستے بھارت ڈی پورٹ کردیا گیا ہے.

امرجیت سنگھ ننکانہ صاحب میں قیام کے دوران غائب ہوگیا تھا، اس کے غائب ہونے کا علم 21 اپریل کو ہوا جب بھارتی سکھ یاتریوں کو واپس روانہ کیا جارہا تھا، امرجیت سنگھ کا پاسپورٹ متروکہ وقف املاک بورڈ کے پاس جمع تھا جسے وہ واپس لینے نہیں پہنچا تاہم گزشتہ روز امرجیت سنگھ کا سراغ مل گیا تھا اور آج متروکہ وقف املاک بورڈکے حکام نے امرجیت سنگھ لاہورکے واہگہ بارڈر پر بھارتی حکام کے حوالے کیا۔

بھارتی شہری امرجیت سنگھ کو ڈی پورٹ کرنے کے لئے وزارت داخلہ سے خصوصی طور پر اس کے ویزے میں توسیع اور سفری روٹ تبدیل کیے جانے کی اجازت لی گئی، بھارتی شہری امرجیت امرجیت سنگھ کو ڈی پورٹ کرنے کے لئے جب واہگہ بارڈرلایاگیا تو امیگریشن حکام نے اس کے ویزا کی معیاد ختم اور سفری روٹ کو جواز بنا کر کلیئرنس سے انکار کردیا، امیگریشن حکام کا کہنا تھا کہ امرجیت سنگھ کا ویزا 21 اپریل کو ختم ہوچکا ہے جب کہ وہ سمجھوتہ ایکسپریس کے ذریعے پاکستان آیا تھا، پاکستان اور بھارت کے مابین طے شدہ قواعد کے مطابق دونوں ملکوں کے شہریوں کو ویزا لیتے وقت انٹری اورایگزٹ پوائنٹ بارے بتانا پڑتا ہے، شہری جس روٹ سے ایک دوسرے ملک میں داخل ہوں گے اسی روٹ سے واپس جانا ہوتا ہے تاہم کسی ایمرجنسی اور حادثے کی صورت میں وزات داخلہ ویزے کی تاریخ میں توسیع اور سفری روٹ تبدیل کرسکتی ہے.



متروکہ وقف املاک بورڈ نے اس صورتحال بارے وفاقی وزارت داخلہ کو آگاہ کیا اور انہیں امرجیت بارے تمام کیس سے آگاہ کیا گیا، کئی گھنٹوں کے انتظار کے بعد وزارت داخلہ نے امرجیت سنگھ کے ویزے میں توسیع کرتے ہوئے اس کا سفری روٹ ٹرین کی بجائے پیدل کردیا جس کے بعد اسے ڈی پورٹ کیا گیا۔

ڈی پورٹ ہونے سے قبل امرجیت سنگھ نے بتایا کہ اس کی سوشل میڈیا پرشیخوپورہ کے رہائشی عامررزاق سے چند ماہ پہلے اس وقت دوستی ہوئی جب وہ ملائشیا میں ملازمت کرتا تھا، 12 اپریل کو جب وہ بیساکھی میلہ منانے پاکستان آیا تواس نے عامررزاق سے دوبارہ رابطہ کیا اور اس سے ملنے شیخوپورہ میں اس کے گھر پہنچ گیا، امرجیت سنگھ کے مطابق اس نے جھوٹ بولا تھا کہ اس کے پاس تین ماہ کا ویزاہے ، امرجیت سنگھ نے عامر رزاق کی مہمان نوازی کی تعریف کی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔