جوہری معاہدے کو ضرر پہنچا تو بھیانک نتائج آپ کے منتظر ہیں ایرانی صدر

امریکی صدر کا موقف جوہری معاہدے کی بقا کے لیے خطرہ بن گیا


INP April 25, 2018
معاہدے کے سلسلے میں فرانسیسی صدر کی ٹرمپ سے ملاقات فوٹو رائٹرز/فائل

KARACHI: ایرانی صدر حسن روحانی نے اپنے امریکی ہم منصب ڈونلڈ ٹرمپ کو دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ جوہری معاہدے کو ضرر پہنچایا تو بھیانک نتائج آپ کے منتظر ہیں ٹرمپ کا موقف جوہری معاہدے کی بقا کیلیے خطرہ بن گیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایرانی صدر حسن روحانی نے اپنے امریکی ہم منصب ڈونلڈ ٹرمپ کو دھمکی دی ہے کہ وہ جوہری معاہدے میں شامل رہیں ورنہ دوسری صورت میں ''انھیں بھیانک نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا''۔ ایرانی سرکاری ٹی وی پر براہ راست خطاب میں روحانی کا کہنا تھا کہ ''میں وائٹ ہاؤس میں موجود شخصیات سے کہہ رہا ہوں کہ اگر انھوں نے اپنی ذمہ داریوں کو پورا نہ کیا تو ایرانی حکومت پورے عزم کے ساتھ حرکت میں آئے گی''۔ روحانی کا مزید کہنا تھا کہ ''اگر کسی شخص نے معاہدے سے روگردانی کی تو وہ جان لے کہ اسے بھیانک نتائج بھگتنا ہوں گے''۔

امریکی صدر کے مغربی حلیفوں کی جانب سے ٹرمپ پر دباؤ بڑھایا جا رہا ہے تا کہ وہ 2015 میں ایران کے ساتھ طے پانیوالے جوہری معاہدے کو برقرار رکھیں۔ اس سلسلے میں فرانسیسی صدر امانوئل ماکروں نے گزشتہ روز واشنگٹن میں ٹرمپ سے ملاقات کی ہے۔ ٹرمپ یہ کہہ چکے ہیں کہ اگر ان کے یورپی حلیفوں نے 12 مئی تک اس معاہدے میں خوفناک خامیوں کی اصلاح نہ کی تو وہ امریکا کی جانب سے تہران پر عائد کی جانے والی اقتصادی پابندیوں کو دوبارہ لاگو کر دیں گے۔ یہ موقف جوہری معاہدے کی بقا کیلیے خطرہ بن گیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں