ملیریا کو شکست دینے کیلئے تیار ہوجائیے عالمی یومِ ملیریا پر عزم

اس سال ملیریا کا عالمی دن ’ملیریا کے خاتمے کےلیے تیار ہوجائیے‘ کے عنوان سے منایا جارہا ہے


ویب ڈیسک April 25, 2018
ہر سال 25 اپریل کو ملیریا کا عالمی دن منایا جاتا ہے۔ (فوٹو: سوشل میڈیا)

HYDERABAD: پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج ملیریا کا عالمی دن اس بیماری کو 2030 تک جڑ سے ختم کرنے کے عزم کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔

ہر سال کی طرح اس سال بھی 25 اپریل کو ملیریا کا عالمی دن منایا جارہا ہے۔ عالمی ادارہ صحت نجی اداروں کی مدد سے اس سال ملیریا کے عالمی دن کو 'ملیریا کو شکست دینے کےلیے تیار ہوجائیے' کے عنوان سے منارہی ہے جبکہ اس موقعے پر ہیش ٹیگ #endmalaria بھی لانچ کیا گیا ہے۔ دنیا سے ملیریا کے خاتمے کےلیے 2030 کا ہدف رکھا گیا ہے۔

ملیریا انسانی تاریخ کی سب پرانی اور ہلاکت خیز بیماری ہے جو کپکپی کے ساتھ تیز بخار، جسم میں شدید درد، منہ میں شدید کڑواہٹ اور کمزوری جیسی علامات کے ساتھ ظہور پذیر ہوتی ہے۔ اب تک ملیریا کے متعدد طفیلیے (پیراسائٹس) دریافت ہو چکے ہیں۔ صرف 2016 میں ملیریا کے 216 ملین نئے مریضوں کی تشخیص ہوئی جب کہ 429,000 افراد اس موذی مرض کے ہاتھوں لقمہ اجل بنے۔

ملیریا ایک خاص قسم کی مادہ مچھر (انوفیلیز) کے کاٹنے سے ہوتا ہے۔ ملیریا سے بچاؤ اور علاج کے لئے ادویہ اور ذرائع موجود ہیں لیکن ضرورت مند لوگوں تک انہیں پہنچانے کےلیے امداد کی ضرورت ہے۔ ملیریا کے خلاف جنگ میں خاطر خواہ کامیابیاں حاصل تو ہوئی ہیں تاہم اب بھی اس بیماری سے دنیا بھر میں بہت سے لوگ متاثر ہورہے ہیں اور صرف افریقہ میں ہر سال پانچ سال سے کم عمر کے پانچ لاکھ بچے ملیریا کی وجہ سے موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں۔

ملیریا کا عالمی دن اقوام متحدہ کے ذیلی ''عالمی ادارہ صحت'' (WHO) کے تحت 2008 سے ہر سال 25 اپریل کو منایا جاتا ہے جس کا مقصد دنیا بھر میں اس مرض سے آگاہی اور اس سے بچاؤ کا شعور اجاگر کیا جاتا ہے جس کےلیے صحت سے وابستہ افراد اور ادارے سیمینار، کانفرنس، پوسٹر، واک اور دوسری تقریبات منعقد کی جاتی ہیں اور اخبارات و رسائل اپنی خاص اشاعتوں کے ذریعے ملیریا سے متعلق معلومات عوام تک پہنچاتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں