کراچیفائرنگ کے واقعات میں مزید 5افرادہلاک13زخمی

ہاکس بے پر دیور بھابھی، نیو کراچی،صدر میں 2 ہلاک،قصبہ میں رینجرزکی پکٹ کے قریب دھماکا


Staff Reporter April 15, 2013
ہاکس بے پر دیور بھابھی، نیو کراچی،صدر میں 2 ہلاک،قصبہ میں رینجرزکی پکٹ کے قریب دھماکا۔ فوٹو: فائل

شہر کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں مزید5افراد ہلاک اور13افراد زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق نیوکراچی صنعتی ایریامیں نامعلوم افرادکی فائرنگ سے45 سالہ اکرام الٰہی ہلاک ہوگیا،مقتول پولیس کا مخبرجبکہ پیشے کے اعتبار سے ڈرائیور تھا،کسی نے اسے فون کرکے صباسینما بلایاجہاں کچھ دیربعداس کی ہلاکت کی اطلاع آگئی۔ماڑی پور کے علاقے ہاکس بے پرہٹ میں فائرنگ سے40 سالہ بینڈٹ اور 35 سالہ خاتون ڈینئل ہلاک ہوگئی، دونوں آپس میں دیوربھابھی اورگریکس کے رہائشی ہیں۔

خاندان کے 20-25 افرادپکنک منانے سینڈزپٹ آئے تھے سب پکنک منانے میں مصروف تھے جبکہ بینڈٹ اور ڈینئل ہٹ میں گئے ہوئے تھے کہ اچانک شورشرابے اور فائرنگ کی آوازآئی جس پروہ فوراً وہاں پہنچے توکچھ افرادکوبھاگتے ہوئے دیکھا،جب اندرگئے تو دونوں کی لاشیں پڑی تھیں،پولیس کاکہناہے کہ واقعہ پراسرارہے تاہم پولیس تحقیقات کررہی ہے۔بنارس میں موبائل مارکیٹ کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 30 سالہ عدنان زخمی ہوگیا۔گارڈن کے علاقے باغ ہالار میں سنی تحریک کے مقتول عہدیدار بابر قادری کاجنازہ میوا شاہ قبرستان لے جایاجارہا تھا کہ اس دوران نامعلوم افراد کی فائرنگ سے3افراد 7 سالہ حمزہ،22سالہ شاکر الدین اور24سالہ عامرزخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق جنازے کے وقت نامعلوم افراد علاقے میں ہوائی فائرنگ کرکے دکانیں بند کرارہے تھے کہ تینوں افراد زخمی ہوگئے۔قائدآبادکے علاقے نیو مظفرآباد میں فائرنگ سے40سالہ فرزانہ دخترنور ولی،کنواری کالونی میں 45 سالہ سعیدخان،سرجانی ٹائون میں نامعلوم سمت سے گولی لگنے سے 32 سالہ وقاص حسین جبکہ شیرشاہ پراچہ چوک کے قریب گردن پر گولی لگنے سے 45 سالہ عبدالرحمن زخمی ہوگیا۔قصبہ موڑپرسندھ رینجرزکی پکٹ کے قریب زور دار دھماکاہوگیاجس کی آوازدوردورتک سنی گئی، دھماکے کے نتیجے میں کسی قسم کاجانی و مالی نقصان نہیں ہوا۔

دھماکہ رینجرز کی پکٹ کے50میٹردورفاصلے ہوا اور دھماکا شادی بیاہ میں استعمال کیے جانے والے پٹاخابم کے ذریعے کیاگیا،پولیس واقعے کوکسی کی شرارت قراردے رہی ہے۔ ایس ایچ او اورنگی ٹائون تنویرمراد نے ایکسپریس کوبتایا کہ جس مقام پر دیسی ساختہ پٹاخا پھینکاگیاوہاں موٹر سائیکل سوار رینجرز اہلکار علاقے کاگشت کر کے کبھی کبھی آکرکھڑے ہوتے ہیں جائے وقوع سے پولیس کوکوئی شواہد نہیں ملے،نہ ہی پولیس کسی قسم کی قانونی کارروائی کرے گی۔

رات گئے ملنے والی اطلاعات کے مطابق منگھو پیر کے علاقے نیا ناظم آبادپٹرول پمپ کے قریب ماربل فیکٹری کے مرکزی گیٹ پرموٹر سائیکل سوار ملزمان کی سے فیکٹری کے مالک میر جان کابھائی40 سالہ سعید جان ،فیکٹری کے مالک کا بیٹا 17 سالہ عبد اﷲ اور فیکٹری کاملازم الیکٹریشن35 سالہ امیر جان زخمی ہو گئے جنھیں عباسی شہیداسپتال پہنچایا گیا پولیس کے مطابق واقعہ بھتے کاتنازع لگتاہے تاہم زخمی ہونے والے کسی قسم کا بیان نہیں دے رہے۔کورنگی ڈھائی نمبر پٹرول پمپ کے قریب نامعلوم ملزمان نے ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر38 سالہ نعیم علی اورعادل زخمی ہوگئے ۔

پولیس کے مطابق زخمی ہونے والا عادل ملزم ہے جواپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی ہواہے پولیس نے عادل کوگرفتار کر لیاہے۔مچھر کالونی محمدی مسجدکے قریب نامعلوم ملزمان نے لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر 28 سالہ عصمت گل کو فائرنگ کرکے زخمی کر دیااورفرار ہوگئے۔ صدر کے علاقے شاہراہ فیصل ریجنٹ پلازہوٹل کے قریب رکشا نمبر D-63386 میں سوار 55 سالہ مسافر شعیب اعوان ولد ولی الرحمٰن کنپٹی پر پراسرار گولی لگنے سے ہلاک ہو گیا مقتول اعظم بستی محمود آباد کا رہائشی ہے۔ اورنگی ٹاؤن سیکٹر ساڑھے گیارہ رحمت چوک کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 26 سالہ رضوان ولد اسلم زخمی ہو گیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں