خواجہ آصف نااہل یا اہل فیصلہ کچھ دیر بعد

گزشتہ سماعت پر لارجر بنچ نے فریقین کے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کیا تھا


ویب ڈیسک April 25, 2018
تمام فریقین کو نوٹس جاری،فوٹو:فائل

ہائی کورٹ وزیر خارجہ خواجہ آصف کی نااہلی سے متعلق درخواست پر پہلے سے محفوظ شدہ فیصلہ آج سنائے گی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق تحریک انصاف کے رہنما عثمان ڈار کی جانب سے وزیر خارجہ خواجہ آصف کی نااہلی سے متعلق درخواست پر فریقین کے دلائل سننے کے بعد اسلام آباد ہائی کورٹ نے 10 اپریل کو فیصلہ محفوظ کرلیا تھا۔

درخواست گزار نے موقف اپنایا تھا کہ وزیر خارجہ دبئی میں ایک پرائیویٹ کمپنی کے ملازم ہیں جہاں سے وہ ماہانہ تنخواہ بھی حاصل کرتے ہیں، غیر ملکی کمپنی میں ملازمت کرنے والا شخص کیسے وزیرخارجہ کے اہم منصب پر فائز رہ سکتا ہے جب کہ خواجہ آصف کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا تھا کہ خواجہ آصف پہلے دبئی میں بینک میں ملازمت کرتے تھے، وہ دبئی میں فل ٹائم نہیں بلکہ ایڈوائزر کے طور پر ملازمت کرتے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: خواجہ آصف نااہلی کیس؛ سماعت کیلیے لارجر بینچ تشکیل

آخری سماعت پر جسٹس اطہرمن اللہ نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا تھا کہ کوئی شخص کسی اور ملک میں ملازمت کرتا ہے تو پاکستان میں کیسے وزارت چلاسکتا ہے؟،عدالت نے فریقین کے دلائل مکمل ہونے پرفیصلہ محفوظ کرلیا تھا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ اب محفوظ شدہ فیصلہ آج سنائے گی، فیصلہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے لارجر بنچ کے سربراہ جسٹس اطہر من اللہ سنائیں گے جب کہ فیصلے سے متعلق تمام فریقین کو نوٹس جاری کردیے گئے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔