بارسلونا ٹینس نووک جوکووک کو پہلی ہی آزمائش میں شکست

سابق عالمی نمبرون کھلاڑی کو دوسرے رائونڈ میں مارٹن کلزان نے قابو کرلیا


انجرڈ کائی نیشکوری دستبردار، تھیم اوردیمیتروف نے فتوحات سمیٹ لیں۔ فوٹو: فائل

بارسلونا اوپن میں نووک جوکووک کو پہلی ہی آزمائش میں حیران کن شکست ہوگئی۔

بارسلونا اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں بھی جوکووک ناکام ہوگئے، انھیں پہلی ہی آزمائش میں حیران کن طور پر سلواکین پلیئر مارٹن کلزان کے ہاتھوں شکست ہوگئی۔ عالمی درجہ بندی میں 140ویں نمبر پر فائز مارٹن نے یہ مقابلہ 6-2، 1-6 اور6-3 سے جیت کر پری کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔

جوکووک اس ایونٹ میں ممکنہ طور پر کوارٹر فائنل میں رافیل نڈال کا سامنا کرسکتے تھے لیکن مایوس کن آغاز نے ان کی یہ خواہش پوری نہیں ہونے دی، کلزان اب رائونڈ16 میں کلے کورٹ اسپیشلسٹ فلکیانو لوپز کا سامنا کرینگے، مونٹی کارلو ماسٹرز میں بھی جوکووک تیسرے رائونڈ سے باہر ہوگئے تھے ، 12 بار کے گرینڈ سلم چیمپئن جوکووک گذشتہ برس متاثرہ کہنی کی سرجری کے سبب کئی ماہ تک کھیل سے دور بھی رہے تھے اور نئے سیزن میں آسٹریلین اوپن میں بھی ان کا سفر چوتھے رائونڈ تک محدود رہا تھا۔

انھوں نے گذشتہ دنوں اپنے دیرینہ کوچ میرین ویجڈا کی خدمات دوبارہ حاصل کی تھیں اور وہ اپنے کیریئر کو دوبارہ ٹریک پرلانے کے آرزومند تھے، سلواکین پلیئر کلزان نے ٹاپ 20 میں شریک کسی بھی پلیئر کیخلاف پہلی کامیابی حاصل کی ہے۔

دوسری جانب اسی مرحلے پر مونٹی کارلو کے فائنلسٹ جاپانی پلیئر کائی نیشکوری بھی اسپینش پلیئر گولیرمو گارشیالوپز کیخلاف تھکاوٹ اور دائیں کلائی میں درد کے سبب مقابلہ مکمل نہیں کرپائے، انھیں پہلے سیٹ میں 3-6 سے شکست ہوئی اور پھر دوسرے سیٹ میں انھوں نے مقابلے سے دستبرداری کا اعلان کردیا۔

ان کے علاوہ جنوبی کورین پلیئر ہیون چنگ بھی ایونٹ کے شروع ہونے سے قبل دستبردار ہوگئے تھے، دیگر میچز میں سیکنڈ سیڈ گریگور دیمیتروف نے فرنچ حریف جائلز سیمون کو 6-2 اور6-1 سے زیر کرلیا، تھرڈ سیڈ آسٹریا سے تعلق رکھنے والے ڈومنیک تھیم نے اسپینش حریف جوئمی مونیرکو 7-6 (10/8) اور6-1 سے ٹھکانے لگادیا، سلواکیہ کے جوزف کوویلک نے گوئیڈو پیلا کیخلاف 6-3 ، 6-3 سے فتح پائی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں