مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کے دور میں کی گئی کرپشن کی مثال تاریخ میں نہیں ملتی جس کی وجہ سے ملکی ادارے تباہ اور صنعتیں بدحال ہوگئی ہیں۔
فیصل آباد میں کارکنوں سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ عوام نے جتنے ظلم گزشتہ 5 سال میں برداشت کئے ہیں اس کی مثال نہیں ملتی، جس طرح سے ملک کو چلایا گیا ہے، اللہ ایسی حکومتوں سے پاکستان کو بچائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تبدیلی کے کنارے کھڑا ہے۔ وقت آگیا ہے کہ ملک کو پستیوں سے نکال کر بلندیوں کی جانب لے جایا جائے، جلد ہی ملک میں یہ حالات، پسماندگی، بے روزگاری نہیں رہے گی۔ 11 مئی کو عوام تاریخی فیصلہ کریں گے اور قوم نے اگر ہمارے حق میں فیصلہ کیا تو ملک کو مشکلات سے نکالیں گے۔ مسلم لیگ(ن) کی ماضی کی کارکردگی سب کے سامنے ہے، جب بھی نواز شریف نے قوم کے ساتھ کوئی وعدہ کیا ہے اسے نبھایا ہے۔
نواز شریف نے کہا کہ پرویزمشرف نے ملک کے حالات خراب کئے اور پیپلز پارٹی نے حالات مزیر ابتر کئے، ملکی ادارے یا تو کرپشن کی نذر ہوئے یا پھر ابتری کا شکار ہوئے، کراچی اور بلوچستان میں بدامنی کا کوئی علاج نہیں کیاگیا اور اب وہ الزام لگاتے ہیں ہم نے انہیں کام کرنے نہیں دیا، ان الزام لگانے والوں سے سوال ہے کہ گزشتہ 5 سال میں انہوں نے لوڈ شیڈنگ کا مسئلہ حل کیوں نہیں کیا۔