کرکٹ ورلڈکپ 2019 کا حتمی شیڈول جاری کردیا گیا

ایونٹ 30 مئی سے 14 جولائی تک انگلینڈ اور ویلز میں کھیلا جائے گا۔


Sports Reporter April 26, 2018
ایونٹ 30 مئی سے 14 جولائی تک انگلینڈ اور ویلز میں کھیلا جائے گا۔ فوٹو: فائل

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ورلڈ کپ 2019 کا حتمی شیڈول جاری کردیا جس کے مطابق ایونٹ 30 مئی سے 14 جولائی تک انگلینڈ اور ویلز میں کھیلا جائے گا۔

ورلڈکپ 2019 کا حتمی شیڈول جاری کردیا گیا، 10 ٹیمیں لیگ کی بنیاد پر ایونٹ میں شریک تمام حریفوں کے ساتھ برتری کی جنگ لڑیں گی ۔پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست 4 ٹیمیں سیمی فائنل کھیلیں گی جب کہ افتتاحی میچ 23 مئی کو جنوبی افریقا اور انگلینڈ کے مابین اوول میں کھیلا جائے گا۔

پاکستان کو پہلا چیلنج 31 مئی کو کوالیفائر ویسٹ انڈیز کا درپیش ہوگا،3 جون کو انگلینڈ،7 جون کو سری لنکا،12 جون کو آسٹریلیا،16 جون کو بھارت،23 جون کو جنوبی افریقا،26 جون کو نیوزی لینڈ ،29 جون کو افغانستان اور 5 جولائی کو بنگلادیش سے میچز ہوں گے، سیمی فائنلز 9 اور11 جولائی جب کہ فائنل 14 جولائی کو لارڈز کے تاریخی میدان میں کھیلا جائے گا، مجموعی طور پر مانچسٹرسب سے زیادہ 6 میچز کی میزبانی کرے گا۔



واضح رہے ورلڈکپ 2019 میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے میچ کا اعلان پہلے ہی ہوچکا تھا تاہم اب تمام میچز کی فہرست جاری کردی گئی ہے، پاک بھارت ٹاکرا 16 جون 2019 کو اولڈ ٹریفرڈ میں ہوگا۔



پاکستان نے ابھی سے ورلڈکپ میں عمدہ کارکردگی پر نگاہیں مرکوزکر لیں

پاکستان ٹیم نے ابھی سے ورلڈکپ میں عمدہ کارکردگی پر نگاہیں مرکوزکر لیں،کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ میگاایونٹ میں دنیا کی نظریں آپ کی کارکردگی پر ہوتی ہیں،کھلاڑیوں کو اپنی اہمیت اور اہلیت ثابت کرنے کا موقع ملتا ہے۔ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے کہا کہ کرکٹ کے گھر میں کھیلنا ہمیشہ ہی ایک بڑا خوشگوار تجربہ ہوتا ہے، ورلڈکپ میں اچھی کارکردگی سے اس تجربے کو یادگار بنایا جا سکتا ہے۔پیسر محمد عامر نے کہا کہ ورلڈ کپ میں ملک کی نمائندگی ہر کرکٹرکا خواب ہوتا ہے،آئندہ سال اپنے کیریئر میں پہلی بار میگا ایونٹ کا حصہ بننے کے حوالے سے پُرجوش ہوں۔

کرکٹ ورلڈکپ 2019: ٹکٹوں کے نرخوں کا اعلان بھی کردیا گیا

ورلڈکپ 2019کے ٹکٹوں کے نرخوں کا اعلان بھی کردیا گیا،قیمتیں 20سے 50پائونڈز تک رکھی گئی ہیں،4افراد کی فیملی کیلیے ٹکٹ 52 جبکہ بچوں کیلیے6پائونڈ کا ہوگا۔آئی سی سی کے چیف ڈیو رچرڈسن کا کہنا ہے کہ انگلینڈ کے ہر میدان میں کرکٹرز کو بھرپور سپورٹ ملے گی۔ورلڈکپ کے منیجنگ ڈائریکٹراسٹیو ایلوردی نے کہا کہ شیڈول کے اعلان کے ساتھ ہی جوش و خروش بڑھ گیا، تارکین وطن کی وجہ سے کئی ٹیموں کو ہوم گرائونڈ جیسا ماحول میسر آئے گا،پاکستان اور بھارت سمیت کئی روایتی حریفوں کے مقابلے بھرپور توجہ حاصل کرینگے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں