کسٹمز نے سگریٹ پر ٹیکس چوری کی کوشش ناکام بنادی

ٹیکس ادائیگی کے بغیر مردان سے کراچی لایا جانے والامقامی برانڈکاسگریٹس کا کنٹینرروک لیاگیا


Business Reporter April 27, 2018
34لاکھ59ہزارکاٹیکس ادانہیں کیاگیا،مزیدکارروائی جاری ہے،محکمہ انٹیلی جنس ان لینڈ ریونیو۔ فوٹو: فائل

ڈائریکٹوریٹ آف انٹیلی جنس ان لینڈ ریونیو سروس نے بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب ایک کامیاب کارروائی کرتے ہوئے 5مختلف مقامی برانڈکے حامل سگریٹس کا ایک کنٹینرروک لیا۔

ذرائع نے بتایاکہ ڈائریکٹر انٹیلی جنس آئی آر عبدالرحمان بلو کو خفیہ اطلاع موصول ہوئی تھی کہ مردان سے ایک کنٹینربردار ٹرک نمبر Z7189 کے ذریعے سگریٹ کی بڑی مقدار کراچی لائی جارہی ہے لیکن مقامی برانڈز کے ان سگریٹس پر 17فیصد کی شرح سے 34لاکھ 59 ہزار 500 روپے کا سیلز ٹیکس ادا نہیں کیا گیا ہے جس پر ڈائریکٹر عبدالرحمان بلو کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈائریکٹر محمدعارف کی سربراہی میں سپرنٹنڈنٹ جمال ودیگراسٹاف پر مشتمل ایک ٹیم تشکیل دی گئی جس نے بدھ اورجمعرات کی درمیانی شب 3بجے مردان سے آنے والے مذکورہ کنٹینر بردار ٹرک کوروک کر تفتیش کی جس پر ڈرائیور نے بتایا کہ وہ مذکورہ سگریٹ گل بائی میں واقع ایک نجی گودام لے کر جارہے ہیں۔

انٹیلی جنس ذرائع نے بتایا کہ ڈرائیور کی جانب سے بتائے جانے والے گودام پر انٹیلی جنس کی ٹیم گئی تو اس گودام پر تالے لگے ہوئے تھے جس پر ڈائریکٹوریٹ انٹیلی جنس نے تحقیق کا دائرہ کو توسیع دیتے ہوئے آرٹی او پشاور کو ایک مکتوب ارسال کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ مردان میں میسرز سیونیئر ٹوبیکو لمیٹڈ نامی سیگریٹ یونٹ حقیقی بنیادوں پر قائم ہے یا نہیں اور اس مینوفیکچرنگ یونٹ کی پیداواراور فروخت کا حجم کتنا ہے۔

کمپنی کی جانب سے جاری کی جانے والی سیلزٹیکس انوائس جعلی ہے یااصلی، سیلز ٹیکس انوائس پر درج 34 لاکھ 59 ہزار500روپے کی رقم قومی خزانے میں جمع کروائی گئی ہے۔ اس ضمن میں ڈائریکٹر آئی اینڈ آئی عبدالرحمان بلو نے بتایا کہ آرٹی او پشاور کی جانب سے جواب موصول ہونے کے بعد تادیبی کارروائی کا آغاز کیا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں