دوڑ غیرت کے نام پر شادی شدہ جوڑے کو قتل کر دیا گیا

23 مومل اور 20 سالہ واحد بخش نے چند ماہ قبل پسند کی شادی کی تھی، دونوں گزشتہ روز ہی رشتے داروں کے کہنے پر گاؤں آئے

علاقہ مکینوں کے مطابق قتل کیے گئے جوڑے نے چند ماہ قبل گائوں سے فرار ہوکر پسند کی شادی کی تھی اور وہ اتنا عرصہ نامعلوم مقام پر زندگی گزار رہے تھے۔ فوٹو: فائل

باندھی کے قریب مسلح افراد نے فائرنگ کرکے پسند کی شادی کرنے والے جوڑے کو قتل کر دیا، ملزمان فرار۔

تفصیلات کے مطابق تعلقہ دوڑ کے نواحی قصبے باندھی تھانے کی حدود میں گائوں منٹھار چانڈیو میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر کے 23 سالہ مسمات مومل اور 20 سالہ واحد بخش چانڈیو کو قتل کر دیا اور فرار ہو گئے۔ واقعہ کی اطلاع ملنے پر علاقہ پولیس نے لاشوں کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے باندھی اسپتال منتقل کر دیا۔


علاقہ مکینوں کے مطابق قتل کیے گئے جوڑے نے چند ماہ قبل گائوں سے فرار ہوکر پسند کی شادی کی تھی اور وہ اتنا عرصہ نامعلوم مقام پر زندگی گزار رہے تھے اور گزشتہ روز ہی رشتے داروں کے کہنے پر گائوں میں آ کر رہائش پذیر ہوئے تھے کہ نامعلوم افراد نے انہیں قتل کر دیا۔ ورثا کے مطابق واحد چانڈیو کو پسند کی شادی کرنے پر کارو کاری کے الزام میں قتل کیا گیا ہے۔



باندھی پولیس نے قتل کے شبے میں ایک شخص چاکر چانڈیو کو گرفتار کر لیا تاہم پولیس اس کی گرفتاری کے بارے میں کچھ بتانے سے انکاری ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ مقتولین رشتے میں ممامی اور بھانجا تھے۔
Load Next Story