ارباب رحیم کے بیان کیخلاف ویمن ایکشن کمیٹی کا مظاہرہ

غیرآئینی طرز عمل کا نوٹس لیکر نااہل قرار دیا جائے،امر سندھو،عرفانہ ملاح


Numainda Express April 16, 2013
مظاہرین کا کہنا تھا کہ دستور پاکستان خواتین کو ہر جگہ اور ہر مقام پر اپنی آزادانہ سیاسی سرگرمیاں کرنے کی ضمانت فراہم کرتا ہے۔ فوٹو: فائل

حیدرآباد کی سول سوسائٹی سے وابستہ خواتین نے پیپلز مسلم لیگ کے سربراہ ڈاکٹر ارباب غلام رحیم کی جانب سے خواتین کی آزادی کو محدود کرنے کے بیان کو غیرآئینی قرار دیتے ہوئے انھیں الیکشن کے حوالے سے نااہل قرار دینے کا مطالبہ کردیا ہے۔

ارباب رحیم کے بیان کے خلاف وومن ایکشن کمیٹی کے تحت پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس کی قیادت امر سندھو، عرفانہ ملاح، حسین مسرت، گلبدن مرزا نے کی جبکہ احتجاج میں پنھل ساریو سمیت سول سوسائٹی سے وابستہ خواتین کے علاوہ صوبائی اسمبلی کی مختلف نشستوں پر الیکشن لڑنے والی 2 آزاد خاتون امیدواروں ویرو کولہن، نظیر قریشی اور فنکشنل لیگ کے امیدوار رمیش گپتا نے بھی شرکت کی۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ دستور پاکستان خواتین کو ہر جگہ اور ہر مقام پر اپنی آزادانہ سیاسی سرگرمیاں کرنے کی ضمانت فراہم کرتا ہے۔ شرکاء نے چیف الیکشن کمشنر سے اپیل کی کہ وہ ڈاکٹرارباب غلام رحیم کے اس غیرآئینی طرز عمل کا نوٹس لیکر انھیں الیکشن لڑنے کے حوالے سے نااہل قرار دیں۔مظاہرین نیارباب رحیم کے خلاف شدید نعرے بھی لگائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔