مارچ میں 8 فیصد اضافے سے 383 نئی کمپنیاں رجسٹر

رجسٹرڈ فرمز 61 ہزار 887 ہوگئیں، 12 کمپنیوں میں غیر ملکی سرمایہ کاری ہوئی، ایس ای سی پی


Numainda Express April 16, 2013
رجسٹرڈ فرمز 61 ہزار 887 ہوگئیں، 12 کمپنیوں میں غیر ملکی سرمایہ کاری ہوئی، ایس ای سی پی فوٹو : فائل

SYDNEY: سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے مارچ میں ماہانہ بنیادوں پر 8 فیصد کے اضافے سے 383 نئی کمپنیاں رجسٹر کیں جس کے بعد ملک میں رجسٹرڈ کمپنیوں کی مجموعی تعداد 61 ہزار887 ہو گئی۔

گزشتہ روز جاری اعلامیے کے مطابق مارچ میں 93 فیصد کمپنیوں نے بطور لمیٹڈ کمپنی جبکہ 6 فیصد کمپنیوں نے بطور سنگل ممبر کمپنی رجسٹریشن حاصل کی۔ ایس ای سی پی کی طرف سے بیرونی سرمایہ کاروں اور غیر ملکی ڈائریکٹرز رکھنے والی کمپنیوں کی رجسٹریشن آسان بنانے کے باعث بیرونی سرمایہ کاروں کی جانب سے مقامی کمپنیوں میں سرمایہ کاری میں اضافہ دیکھا گیا۔

ماچ میں چین، جرمنی، پاناما، برطانیہ، ہالینڈ، جنوبی کوریا، روس، شام، اٹلی، جاپان اور ترکی کی سرمایہ کاروں نے کمیونیکیشن، انجینئرنگ، کان کنی، ٹریڈنگ، کنسٹرکشن اور آٹو موبائل سیکٹر کی 12 مقامی کمپنیوں میں سرمایہ کاری کی، مارچ میں سب سے زیادہ 54 کمپنیاں سیاحت کے شعبے میں رجسٹر ہوئیں جبکہ 52 کمپنیاں ٹریڈنگ،44 خدمات،28 انفارمیشن ٹیکنالوجی، 20 زراعت، 17 براڈکاسٹنگ، 16 کمیونیکیشن اور 13 کمپنیوں نے کنسٹریکشن کے شعبے میں رجسٹریشن حاصل کی۔



سب سے زیادہ 115 کمپنیاں کمپنی رجسٹریشن آفس اسلام آباد، لاھور میں105 اورکراچی 101، پشاوروملتان23،23، فیصل آباد10، کوئٹہ 5اور سکھر میں 1 کمپنی رجسٹر ہوئی، مارچ میں 101 کمپنیوں کی جانب سے غیر ادا شدہ سرمائے میں اضافے کی درخواستوں کو منظور کیا گیا اور مجموعی طور پر 24 ارب 55کروڑ روپے تک کے اضافے کی منظوری دی گئی، علاوہ ازیں 98 کمپنیوں نے ادا شدہ سرمائے کی حد میں اضافے کی درخواستیں دیں اور ان کمپنیوں کے ادا شدہ سرمائے میں 10 ارب 25 کروڑ روپے کا اضافہ منظور کیا گیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں