کنسرٹ ہال جو طرزِ تعمیر کا شاہ کار بھی ہیں

یہ میوزک ہال شیشے کی مدد سے تیار کیا گیا ہے۔


April 28, 2018
یہ میوزک ہال شیشے کی مدد سے تیار کیا گیا ہے۔ فوٹو : فائل

KARACHI: یورپ کے چند کنسرٹ ہالز ایسے بھی ہیں جہاں شائقین صرف موسیقی ہی سے لطف اندوز نہیں ہوتے بلکہ یہ عمارتیں اپنے منفرد طرزِ تعمیر اور آرائش کی وجہ سے بھی انہیں اپنی طرف متوجہ کر لیتی ہے۔ یہ کنسرٹ ہالز تعمیرات کا شاہ کار مانے جاتے ہیں۔

کلڈن پرفارمنگ آرٹس سینٹر، ناروے

ناروے کے مشرقی ساحل پر ایک سو میٹر بلند آرٹ سینٹر کی پُرشکوہ عمارت ڈیڑھ لاکھ مربع میٹر سے زائد رقبے پر پھیلی ہوئی ہے۔ اسے 2012 میں تعمیر کیا گیا تھا۔ اس کنسرٹ ہال میں مشہور تھیٹریکل گروپ اگدر کے علاوہ مغربی کلاسیکی موسیقی کے گروپ بھی باقاعدگی سے پرفارم کرتے ہیں۔

فل ہارمنی، ڈی پیرس

مشہور آرکسٹرا کنڈکٹر پیریر بولیز نے ایک ماہر تعمیرات سے مل کر اپنے میوزک ہال کی تعمیر کا منصوبہ سامنے رکھا۔ دونوں نے اس حوالے سے بات چیت اور مشاورت کے بعد کام شروع کر دیا اور 2015 میں اسے مکمل کر لیا۔ اس کا سامنے والا حصہ ایلومینیم سے تیار کیا گیا ہے۔ اس میوزک ہال کی چھت سینتیس فُٹ بلند ہے جس پر کھڑے ہو کر پیرس کا نظارہ بھی کیا جا سکتا ہے۔

سیج گیٹس ہیڈ، انگلینڈ

روشنیوں سے جگمگاتی ہوئی اس عمارت کو سَر نورمن فوسٹر نے ڈیزائن کیا تھا۔ اسے 2004 میں عوام کے لیے کھولا گیا تھا۔ یہاں روز ہی موسیقی کے شوقین آتے ہیں اور آرٹسٹوں کی پرفارمینس سے محظوظ ہوتے ہیں۔

کاسا ڈا مویزیکا، پرتگال

پرتگال کے بندرگاہی شہر پورٹو میں واقع اس میوزک ہال میں ایک وقت میں تیرہ سو شائقین بیٹھ سکتے ہیں۔ اس کی سفید کنکریٹ اور شیشوں سے مزین عمارت نہایت شان دار اور خوب صورت ہے۔ اسے اندر سے ٹائلوں اور ایسے مخصوص انداز سے سجایا گیا ہے جن سے پرتگالی طرزِ تعمیر اور ثقافت جھلکتی ہے۔

فل ہارمنی، برلن

اپنے غیرمعمولی تعمیراتی ڈھانچے پر تنقید سہنے والی یہ عمارت آج ماڈرن کنسرٹ ہالز کی تعمیر کے حوالے سے ایک مثال ہے۔ افتتاح کے فوراً بعد ہی ماہرین نے اس کے ڈیزائن پر تنقید شروع کر دی تھی، لیکن ماہر تعمیرات ہانس شارون کا ڈیزائن کردہ یہ کنسرٹ ہال آج بھی شان دار عمارتوں میں شمار کیا جاتا ہے۔ اس میں پہلا کنسرٹ 1963ء میں ہوا تھا۔

ہارپ میوزک ہال، آئس لینڈ

آئس لینڈ کے دارالحکومت کے مشہور فن کار اولفور ایلیاسن کو روشنیوں سے پیار تھا اور اس ہارپ میوزک ہال کی تعمیر میں خاص طور پر مسحور کن روشنیوں کا خاص خیال رکھا گیا ہے۔ اس کا فرنٹ شہد کی مکھیوں کے چھتے جیسا دکھائی دیتا ہے۔ اسے موسیقی کے مغربی ساز ہارپ کا نام دیا گیا ہے اور یہ اس برف سے لدے رہنے والے ملک میں موسم گرما کا پہلا مہینہ بھی ہے۔

ایلب فل ہارمنی ہیمبرگ، جرمنی

یہ میوزک ہال شیشے کی مدد سے تیار کیا گیا ہے۔ یوں لگتا ہے جیسے یہ ہوا میں تیر رہا ہے۔ اس کی چھت کو ایک لہر کی شکل دی گئی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں