پاکستان کرکٹ کے ستارے آج کراچی میں جگمگائیں گے

پریذیڈنٹ کپ کے سیمی فائنل میں حبیب بینک کی طرف سے یونس، آفریدی اور اسد شفیق ایکشن میں، سوئی گیس کومصباح اور۔۔۔


Sports Reporter April 16, 2013
کئی اُبھرتے ہوئے کھلاڑی بھی اپنی اہمیت ثابت کرنے کیلیے کوشاں، چیف سلیکٹر اقبال قاسم پلیئرز کی کارکردگی جانچنے کیلیے اسٹیڈیم میں موجود ہوں گے۔ فوٹو: فائل

پاکستان کرکٹ کے ستارے منگل کوکراچی میں جگمگائیں گے۔

پریذیڈنٹ کپ کے پہلے سیمی فائنل میں حبیب بینک کی طرف سے یونس خان، شاہد آفریدی، اسد شفیق، احمد شہزاد، عمران فرحت ، احسان عادل اور عبدالرحمان صلاحیتوں کے جوہر دکھانے کیلیے بے تاب ہیں، سوئی ناردرن گیس کو مصباح الحق، محمد حفیظ، اظہر علی، عمر اکمل، توفیق عمر، محمد رضوان اور اسد علی کی خدمات حاصل ہوں گی، کئی اُبھرتے ہوئے اسٹارز بھی اپنی اہمیت ثابت کرنے کیلیے کوشاں ہیں، چیف سلیکٹر اقبال قاسم بھی پلیئرز کی کارکردگی جانچنے کیلیے اسٹیڈیم میں موجود ہوں گے۔

تفصیلات کے مطابق چیمپئنز ٹرافی کے حتمی 15رکنی اسکواڈ کا انتخاب کرنے کیلیے فارم اور فٹنس کا پیمانہ سمجھا جانے والا پریذیڈنٹ کپ ٹورنامنٹ فیصلہ کن مراحل میں داخل ہوچکا،منگل کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پہلے سیمی فائنل میں گروپ اے کی ٹاپ ٹیم سوئی ناردرن گیس کا مقابلہ بی کی رنرز اپ سائیڈ حبیب بینک سے ہوگا، ایچ بی ایل نے پہلے میچ میں پی آئی اے کیخلاف 27 رنز سے آسان فتح حاصل کی تھی، یونس خان سنچری کے ساتھ مرد میدان قرار پائے، ٹیم نے دوسرے مقابلے میں اسد شفیق کے ناقابل شکست57 رنز کی بدولت اسٹیٹ بینک کو 3 وکٹ سے زیر کیا۔

تیسرے میچ میں واپڈا کے ہاتھوں 5 وکٹ کی شکست کا صدمہ برداشت کرنا پڑا، آخری معرکے میں اسد شفیق کی ناقابل شکست نصف سنچری نے یوبی ایل پر7 وکٹ سے فتح دلائی۔ سوئی گیس کی سائیڈ پہلے میچ میں کپتان مصباح الحق کے ناٹ آؤٹ 119 رنز کی بدولت کے آر ایل کیخلاف4 وکٹ سے سرخرو ہوئی، دوسرے مقابلے میں اظہر علی کے95 رنز نے زرعی بینک کیخلاف2 رنز سے کامیابی دلائی، تیسرے میں پورٹ قاسم کے ہاتھوں 4 وکٹ سے مات ہوئی جبکہ نیشنل بینک کیخلاف مصباح کی 79 رنز کی اننگز نے 76 رنز سے فتح دلائی۔



سیمی فائنل میں ٹیم کو ٹورنامنٹ کے ٹاپ اسکوررز کی فہرست میں310 رنز کیساتھ تیسرے نمبر پر موجود اظہر علی سے توقعات وابستہ ہوں گی، مصباح 222 رنز بنا چکے، ان کا تجربہ بھی کام آئیگا، محمد حفیظ اور عمر اکمل بھی فارم کے متلاشی ہیں، دیگر بیٹسمین بھی فتح میں حصہ دار بننے کی جستجو میں ہونگے۔ حبیب بینک کے ان فارم بیٹسمین اسد شفیق 279 بنا چکے اور ٹرمپ کارڈ ثابت ہو سکتے ہیں، احمد شہزاد اب تک کے مجموعی اسکور259 میں اضافے کیلیے کوشاں ہونگے، یونس نے 3 میچز میں 144 رنز اسکور کیے، سینئر بیٹسمین اپنی ٹیم کیلیے فتح کا راستہ بنانے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔

آؤٹ آف فارم عمران فرحت 109 تک محدود رہے، ان کیلیے کارکردگی دکھانے کا اہم موقع ہوگا، شاہد آفریدی ٹاپ 30 بیٹسمینوں کی فہرست میں بھی شامل نہیں ہوسکے، وہ فارم دکھانے کا عزم لیے میدان میں اترینگے۔ حبیب بینک کے احسان عادل ٹاپ بولرز کی فہرست میں 9 وکٹوں کے ہمراہ تیسرے نمبر پر ہیں،8 شکار کرنیوالے عبدالرحمان بھی حریفوں کیلیے مشکلات پیدا کرسکتے ہیں۔

محمد اسلم نے 6 وکٹیں لی ہیں،شاہد آفریدی3 میچز میں 2 پلیئرز کو پویلین بھیج چکے اور ہوم وینیو پر بہتر پرفارم کرنے کے آرزو مند ہوں گے، سوئی نادرن کے کامیاب ترین بولر اسد علی نے 8 وکٹیں اپنے نام کی ہیں، بلاول بھٹی6 اور محمد حفیظ 3 شکار کرنے کے بعد اہم میچ میں تہلکہ مچانے کی کوشش کرینگے۔ جمعرات کو شیڈول فائنل تک رسائی کے دوسرے معرکے میں نیشنل بینک کی جانب سے کامران اکمل، ناصر جمشید، حماد اعظم، فواد عالم، وہاب ریاض، اور رضا حسن ایکشن میں نظر آئینگے، واپڈا کی پُرعزم ٹیم جنید خان، ذوالفقار بابر اور رانا نوید الحسن کے ذریعے مضبوط حریف کو چیلنج کرنے کی کوشش کریگی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔